دو روزہ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ٹریننگ ورکشاپ اختتام پذیر
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں دو روزہ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ٹریننگ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔
ٹریننگ ورکشاپ قطر یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر خرم جہانگیر شریف نے دی، ملتان کی دو یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد فیکلٹی اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔
ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹی اسٹاف میں قائدانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنا تھا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز)نے پہلے دن کے سیشن میں شرکت کی، اور کہا کہ لیڈر شپ ٹریننگ کے ذریعے پروفیشنل لائف میں مزید نکھار لایا جا سکتا ہے۔ ان مزید کہا کہ ایک اچھا لیڈر اپنی ٹیم کو ہمیشہ بہترین انداز میں ساتھ لے کر چلتا ہے۔
ٹریننگ میں ایموشنل انٹیلیجنس، کمیونیکیشن سکلز، ٹیم پرفارمنس، پروفیشنل ڈویلپمنٹ، اینگر مینجمنٹ، ٹائم مینجمنٹ، اور دیگر مختلف لیڈرشپ سکلز پر تربیت دی گئی۔
فیکلٹی ٹریننگ کے دوران پروفیسر ڈاکٹر خرم جہانگیر نے کہا کہ یہ تربیت ہر سطح کے لیڈروں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنی قیادت کو اگلے درجے تک لے جانے کا ایک بہترین موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں باصلاحیت اور پیشہ ور افراد کے ایک گروپ کے ساتھ موجود ہوں جو کہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اپنی یونیورسٹیوں میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
آخر میں ٹریننگ حاصل کرنے والے یونیورسٹی فیکلٹی اینڈ سٹاف ممبران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ آف آؤٹ ریچ اینڈ کانٹی نیوینگ ایجوکیشن نے منعقد کی۔
چیئرمین ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رانا بنیامین نے ٹریننگ لینے والے معزز ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر جنید علی خاں،پروفیسر ڈاکٹر آصف رضا،پروفیسر ڈاکٹر ناصر ندیم،پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق،ڈاکٹر عائشہ حکیم، ڈاکٹر فواد ظفر احمد خان اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔