ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، فیصل واوڈا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، ان کے قتل سے متعلق تمام شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ارشد شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، ان کا قتل کوئی حادثہ نہیں ہے ان کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کوئی شواہد نہیں ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے یا بہت قریب سے مارا گیا ہے، انہیں ایک گولی سینے اور ایک سر پر ماری گئی۔
فیصل واوڈا نے سوال کیا کہ بچہ اگر گاڑی میں موجود تھا تو کیا اس طرح گولیاں چلائی جاتی ہیں، اور گاڑی میں صرف ارشد شریف کا قتل ہوا ، کسی اور کا نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ کسی سیاست شخصیت کا کام نہیں کہ کینیا میں فارم ہاؤس کا بندوبست کرے، کینیا میں فارم ہاؤس کا بندوبست کیا گیا اور اس میں ارشد شریف کو چھپایا گیا، اور پھر کینیا سے ہی ان کے قتل کی خبر آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف ملک چھوڑنے کو تیار نہیں تھے ، سازشیوں نے ڈرا دھمکا کر انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ۔
وہ پاکستان سے دبئی گئے وہ ویزے کے اختتام تک وہاں رہے، سازش کے تانے بانے اور مقاصد کچھ اور ہیں، میں نے گھر والوں کو بتادیا ہے مجھے کچھ ہوا تو تحفے میں انہیں بھی لاشیں ملیں گی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو دبئی سے کینیا بھجوانے والا کوئی عام آدمی نہیں ہے، انہیں کینیا ہی کیوں بھجوایا گیا۔
سازش کرنے والوں کے پیچھے وہ لوگ ہیں جو لوگوں کو مروانا چاہتے ہیں ، لانگ مارچ میں بھی بے گناہ اور خاص لوگوں کا خون دیا جائے گا۔