پیف آفس میں بڑا اجلاس
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) صدر دفتر میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قراۃ العین میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبہ بھر کے سو سے زائد فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک پیف پارٹنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹرثمینہ نواز، ڈائریکٹر شفیق احمد، ڈائریکٹر(مانیٹرنگ) زبیدہ مسلم علی،ڈائریکٹر (آئی ٹی) محمد شعیب، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایاز عرفی اور دیگر پیف افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے انعقاد کا مقصدپیف پارٹنرز کو بار بار ہونے والے جرمانوں سے بچنے کی آگاہی فراہم کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) نے پیف پارٹنرز کے وفد کو بتایا کہ یہ وہ جرمانے ہیں جو مانیٹرنگ رپورٹس کے مطابق سکول مالکان کو لازمی سہولیات فراہم نہ کرنے پر عائد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیف پارٹنرز عہد کریں کہ وہ بہت جلد سکولوں میں موجود خامیوں کو دور کریں گے اور لازمی سہولیات طلبا و طالبات کو فراہم کریں گے تاکہ جرمانوں سے بچا جا سکے۔
اجلاس کے دوران ڈی ایم ڈی (آپریشن) کی ہدایت پر متعلقہ ڈائریکٹرز نے مانیٹرنگ کے دوران رپورٹ ہونے والی خامیوں کے حل کے بارے میں بھی پیف پارٹنرز کو تفصیل سے بتایا۔
اجلاس میں پیف پارٹنرز کو سکول کیمپس کی منتقلی، سکول رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، طلبا و طالبات کے ڈراپ آؤٹ، انفرا کپیسٹی، وقت پر منتھلی اپ ڈیٹ کی فراہمی، مقررہ وقت پر سس میں کوائف کے اندراج، سرکاری سکولوں کے اوقات کار پر عمل، نا مکمل معلومات کے ساتھ پی یو سی کی فراہمی، پیف انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایا ت اور سرکلرز کو غور سے پڑھنا، سکول کی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے اور دیگر اہم امور بھی زیر بحث لائے گئے۔
اجلاس کے دوران ڈی ایم ڈی (آپریشن) نے پیف پارٹنرز کے انفرادی مسائل بھی غور سنے، اور متعلقہ ڈائریکٹرز کو ان کے فوری حل کے احکامات بھی صادر کیے۔
ڈی ایم ڈی (آپریشن) کی ہدایت پر ڈائریکٹر نے وفد کو سکول بیسڈ اسسمنٹ پر تفصیل سے بتایا۔
میٹنگ کے دوران ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قراۃ العین میمن نے تعلیمی میدان میں پیف پارٹنرز کی کاوشوں کو سراہا اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے دور دراز علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کیا۔