رانا ثنا اللہ اسلام آباد میں بیٹھ کر ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اسلام آباد میں بیٹھ کر ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے۔
گوجرانوالہ میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں عمران خان نے رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’تمہارا بھی وقت آگیا ہے زیادہ دیرنہیں ہے۔ تم ہر دوسرے دن بیان دیتے ہو کہ پیسہ اور پولیس چاہیے۔ تم نے 30 ہزار پولیس جمع کرلی اور قوم کے 41 کروڑ خرچ کیے۔‘
عمران خان نے کہا کہ جو پولیس اہلکار بلوائے گئے ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں گے کیوں کہ وہ بھی چوروں کے خلاف ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چوروں کے ٹولے اور ڈاکوؤں کی کابینہ کو گھر بھیجیں گے، بند کمروں میں پہلے فیصلہ کیا جاتا ہے کہ یہ چور ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے، پھر انہی بند کمروں کہا جاتا ہے کہ اب یہ پاک ہیں، انہیں این آر او دے دو۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش سے مسلط چوروں کو قبول کر لیا تو قوم کا کوئی مستقبل نہیں، اللہ کا حکم ہے کہ چوروں کے خلاف کھڑے ہو، جو معاشرہ چوروں کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا وہ تباہ ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب اسلام آباد پہنچیں گے تو پورے پاکستان کو کال دوں گا، پیدل بھی ہو سکے تو اسلام آباد ضرور آنا کیوں کہ یہ قوم کے مستقبل کی لڑائی ہے، ہم اللہ کےعلاوہ کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتے۔