2022 میں بھرتی ہونےوالے ہزاروں درجہ چہارم کے کنٹریکٹ ملازمین کا ریکارڈ طلب

محکمہ سکولزنے 2022میں بھرتی ہونےوالے ہزاروں درجہ چہارم کے کنٹریکٹ ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا، جس سے مستقل کرنے یا کنٹریکٹ جاری رکھنے کافیصلہ ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
تفصیل کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے کنٹریکٹ پالیسی 2004 کے تحت سال 2022 میں بھرتی ہونے والے کلاس چہارم ملازمین کے کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے متعلق معاملے پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
اس ضمن میں محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی منڈی بہاؤالدین کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سی ای او آفس کی جانب سے 19 دسمبر 2025 کو ارسال کردہ خط کا تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے۔
مراسلے کے مطابق مجاز اتھارٹی نے ہدایت جاری کی ہے کہ کنٹریکٹ پالیسی 2004 کے تحت سال 2022 میں بھرتی کیے گئے تمام کلاس فور ملازمین کا مکمل ریکارڈ، بشمول تقرری کے احکامات، تین (03) دن کے اندر محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ارسال کیا جائے تاکہ معاملے پر مزید کارروائی کی جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق مطلوبہ ریکارڈ موصول ہونے کے بعد کنٹریکٹ کی معیاد ختم ہونے سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
مراسلے کی نقول سیکرٹری اسکول ایجوکیشن، اسپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری (اسکولز) کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق اس مراسلے کے بعد صوبے بھر میں کنٹریکٹ کلاس فور ملازمین میں امید اور تشویش کی کیفیت پائی جا رہی ہے، جب کہ آئندہ چند دن اس حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔




















