سکولز ہاکی لیگ کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا آغاز
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی روایت کے احیاء، طلباء و طالبات میں نظم وضبط ، سپورٹس مین سپرٹ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سکولز ہاکی لیگ کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا آغاز آج (30 اکتوبر) سے ہو رہا ہے، 11 اضلاع کے گرلز و بوائز سکولوں کی 371 ٹیموں کے مابین 1096 میچز کھیلے گئے جبکہ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں میں 431 گراؤنڈز کی بحالی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی روایت کے احیاء، طلباء و طالبات میں نظم وضبط، سپورٹس مین سپرٹ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 12 ستمبر 2021ء سے سکول ہاکی لیگ کا انعقاد کیا گیا تھا، یہ لیگ انٹر سکولزاور انٹر تحصیل کا سفر طےکرتی ہوئی اب انٹرڈسٹرکٹ کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔
اس سارے سفر میں جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے 324 بوائز اور47 گرلز سکولوں کی ہاکی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ سکولوں ہی میں عرصہ دراز سے غیر آباد موجود 431 گراؤنڈز کو کھیل کی سرگرمیوں کے لیے بحال کر کے اس میں 1096 میچز کا انعقاد کرایا گیا۔
سکولز ہاکی لیگ کے انٹرتحصیل مقابلہ جات کے بعد ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز، محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کے زیر نگرانی ڈسٹرکٹ کی سطح پر ٹرائلز کیمپ لگائے گئے اور انٹرڈسٹرکٹ کے لیے ہاکی لیگ کھیلنے والی ٹیموں کی سلیکشن کا عمل مکمل کیا گیا۔
ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سکول ہاکی لیگ کے انٹرڈسٹرکٹ مقابلوں کی شاندار افتتاحی تقریب میں کل تمام اضلاع کی ہاکی ٹیموں کے آفیشل لوگو کی رونمائی کی جائے گی، یہ تقریب سکولزہاکی لیگ کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی براہ راست دکھائی جائے گی تا کہ جنوبی پنجاب کے تمام طلباء و طالبات اپنی اپنی ٹیموں کو دیکھ سکیں اور لائیک کر سکیں ۔
ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 8 نومبر یہ ٹیمیں”سکولمپکس” میں داخل ہو کر اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی جبکہ ان مقابلہ جات میں جیتنے والی ٹیم ڈویژن کی سطح پر کھیلے گئی اور بہترین ونر ٹیم کو اسلام آباد سپورٹس گالا میں شرکت کے لیے بھیجا جائے گا۔