سکولمپکس گیمز سیزن تھری کی اختتامی تقریب آج ہوگی
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام سکولمپکس گیمز سیزن تھری کے مقابلے جاری ہیں، مطیع اللہ خان ہاکی سٹیڈیم بہاول پور میں ہاکی کے سیمی فائنل مقابلوں کے سلسلے میں دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا سیمی فائنل بہاول پور نواب اور رحیم یارخاں یاران کی گرلز ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔
اس موقع پر ڈی ای او سیکنڈری بہاول پور ملک سرفراز احمد مہمان خصوصی تھے۔
اس مقابلے میں بہاول پور نواب نے رحیم یارخاں یاران کی گرلز ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دس گول سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
رحیم یارخاں کی ٹیم اس میچ میں کوئی گول نہ کر سکی۔ روبیشہ کو سیمی فائنل میچ میں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں لیہ لجپال اور پول سی کی ونر ٹیم بہاول پور براق کے درمیان مقابلہ ہوا۔ یہ مجموعی طور پر اس ٹورنامنٹ کا چودھواں میچ تھا، اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن بہاول پور محمد اکرم مہمان خصوصی تھے۔
اس میچ میں لیہ لجپال نے تین گول کیے جب کہ بہاول پور براق کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔ اس میچ میں لیہ لجپال کی ٹیم فاتح رہی، دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ماہ نور نے حاصل کیا۔
سکولمپکس 2023ء کے سلسلے میں بوائز کیٹیگری میں والی بال کے سیمی فائنل مقابلوں کے سلسلے میں دو میچ کھیلے گئے۔
پہلا میچ ضلع بہاول پور اور ضلع وہاڑی کی بوائز ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، بہاول پور کی ٹیم نے پہلے میچ میں وہاڑی بوائز والی ٹیم کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے میچ جیت لیا۔
دوسرے میچ میں وہاڑی کی ٹیم نے شاندار مقابلہ کیا لیکن دوسرا میچ بھی بہاول پور کی ٹیم نے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، دوسرے سیمی فائنل میچ میں رحیم یارخاں بوائز والی بال ٹیم نے بہاول نگر کی ٹیم سے مقابلہ کیا۔ ڈی ای او سیکنڈری بہاول نگر گلزار احمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ بہاول نگر بوائز والی بال ٹیم نے دو صفر کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی اور فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
رحیم یارخاں کی ٹیم سیمی فائنل مقابلے کا کوئی میچ نہ جیت سکی۔
سکولمپکس گیمز کا فائنل میچز اور تقسیم انعامات کے حوالے سے اختتامی تقریب آج تعلیمی بورڈ بہاول پور میں منعقد ہو گی، جس کے مہمانان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز سیدہ سروش فاطمہ شیرازی اور خواجہ مظہر الحق ہوں گے۔