پہلی سکولمپکس گیمز کا 6 نومبر سے بہاول پور میں آغاز، تیاریاں عروج پر
بین الاقوامی اولمپکس گیمز کی طرز پر جنوبی پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی سکولمپکس گیمز کا 6 نومبر سے بہاول پور میں اغاز، تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
ایڈیشنل سیکرٹریز سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی، خواجہ مظہر الحق اور دیگر متعلقہ افسران کا بہاول پور کا دورہ، سکولمپکس گیمز کے انعقاد کے لیے متعلقہ گراؤنڈز میں صفائی ستھرائی، بجلی، پینے کے پانی کے نظام کا معائنہ، کھلاڑیوں کے قیام و طعام کے لیے مختص جگہوں کا بھی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام 6 نومبر سے بہاول پور میں شروع ہونے والے سکولمپکس گیمز کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، سیزن تھری کے لیے ٹیبل ٹینس، فٹ بال، ہاکی، بیڈمنٹن، کرکٹ، والی بال، مختلف کیٹگریز کی دوڑ کے مقابلے، اتھلیٹکس، ڈسکس تھرو، جیولین تھرو، لانگ جمپ، ہائی جمپ سمیت دیگر سپورٹس مقابلہ جات میں گلگت بلتستان، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب کی صوبائی سطح کی سکولز ٹیموں کے سیکڑوں کھلاڑی شرکت کریں گے۔
سکولمپکس گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے قیام و طعام کے انتظامات اور گراؤنڈز کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل سیکرٹریز سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی، خواجہ مظہر الحق اور سیکشن آفیسر حنا چوہدری نے بہاول پور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن بہاول پور محمد اکرم اور سپورٹس کوارڈی نیٹر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب راؤ عمر حیات نے انہیں سکولمپکس گیمز کے انعقاد بارے انتظامات سے متعلق بریفننگ دی۔
دریں اثنا سی ای او آفس بہاول پور میں تعلیمی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے کہا کہ 6 نومبر سے 11 نومبر تک سکولمپکس گیمز کے مقابلہ جات میں دینی مدارس کے طلباء اور ٹرانس جینڈر طلبہ کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔
سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکولمپکس گیمز کے انعقاد اور کھلاڑیوں کے قیام و طعام کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔