جامعہ زرعیہ : سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ کے بارہویں سیشن کا آغاز
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سات روزہ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ کے بارہویں سیشن کا آغاز ہو گیا۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ انڈر گریجویٹ لیول پر سٹوڈنٹس کو اپنی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ پوسٹ گریجویٹ لیول پر کامیاب ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ کا اہتمام نہ صرف ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سٹوڈنٹس کے لیے ریسرچ رائٹنگ کو سیکھنے کا ایک نادر موقع ہے بلکہ اس کو بروئے کار لا کر وہ اپنے تحقیقی مقالہ جات کو دنیا کے بہترین جرنلز میں چھپوا سکتے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر گریجویٹ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ناصر ندیم نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف گریجویٹ سٹڈیز طلباء و طالبات کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی طرف مسلسل کام کر رہا ہے۔ سائنٹیفک رائٹنگ ٹریننگ کا بارہواں سیشن اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اس ہفتہ وار ٹریننگ میں 16 فیکلٹی ممبرز طلباء و طالبات کو ریسرچ اور پروجیکٹ رائٹنگ کے حوالے سے پریکٹیکل ٹریننگ دیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین آؤٹ ریچ ڈاکٹر رانا بنیامین، فوکل پرسن سائنٹفک رائٹنگ ٹریننگ ڈاکٹر فواد ظفر احمد خان،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ذوالقرنین،لیکچرار ایمن بتول اور ٹریننگ میں شرکت کرنے والے 28 طلباء و طالبات موجود تھے۔