انٹرمیڈیٹ امتحانات: امتحانی مراکز پر چھاپے، امیدوار پکڑا گیا
سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم شہزاد قریشی کے امتحانی مراکز پر چھاپے، ایک امیدوار رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، امتحانی عملہ تبدیل، قانونی کارروائی شروع
تفصیل کے مطابق حکومت کی طرف سے امتحانی سنٹروں کی نگرانی سخت کردی گئی، سیکرٹری بورڈ ملتان نے عملے کی ملی بھگت سے نقل کرنے والے امیدوار کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول قادر پور راواں میں ترجمہ القران کے پیپر میں سرپرائز وزٹ کے دوران سیکرٹری نے امیدواروں کو چیک کیا تو امتحانی مرکز نمبر 819 میں بارہویں جماعت کے طالب علم مبشر افتخار سٹوڈنٹ کسی دوسرے کے سوالیہ پیپر پر لکھا گیا متعلقہ جوابی مواد نقل کر رہا تھا، جس پر سیکرٹری نے طالب علم کا پیپر منسوخ کر کے یو ایم سی کیس بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ طالب علم کو نقل کروانے میں امتحانی سنٹر کا سٹاف ملوث ہے، مرکز عملے کی نااہلی پر کنٹرولر امتحان کو عملہ تبدیل کرنے اور قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے، امتحانات کا شفافیت کے ساتھ انعقاد کرانے کیلئے پر عزم ہیں، امتحان میں نقل کی روک تھام بارے وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ایچ ای ڈی کی سخت ہدایات ہیں۔