Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیکریٹری سکولز جیل پہنچ گئے

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کا بورسٹل انسٹی ٹیوٹ اینڈ جوینائل جیل بہاول پور کا دورہ، اسیر بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے جیل میں سکول اور لائبریری قائم کرنے کے منصوبوں پر غور، جیل انتظامیہ کے تعاون سے بچوں کو ہنر سکھانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے گزشتہ روز بورسٹل انسٹی ٹیوٹ اینڈ جوینائل جیل بہاول پور کا دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، سیکشن آفیسر حنا چوہدری اور سی ای او ایجوکیشن بہاول پور بھی سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے بورسٹل جیل میں اسیر بچوں کے لیے قائم معاشرتی و معاشی بحالی مرکز کا معائنہ کیا ، اور قیدی بچوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل ملک مشتاق نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو اسیر بچوں کی تفصیلات اور انہیں جیل انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے مہیا کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بعدازاں جیل کے اسیر بچوں سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ قیدی بچے جیل کے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں اور اپنی زندگی کا مقصد متعین کر کے خوب محنت کریں۔

انہوں نے کہا کہ قیدی بچے ریاست کی ذمہ داری ہیں، ہماری دلی خواہش اور کوشش ہے کہ ہم اسیر بچوں کو دوبارہ صحیح راستے پر جانے اور اچھی زندگی گزارنے کے خواب کی تعبیر پانے میں ان کی مدد کریں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اسیر بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے جیل میں کلاس روم اور استاد کا بندوبست کرے گا جب کہ قیدی بچوں کی توانائیوں کو مثبت سرگرمیوں میں صرف کرنے لیے مختلف گیمز کا انعقاد کرائے گا، انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے، کہ اسیر بچے جیل میں اپنی زندگی کے سنہرے دن ضائع کریں، وہ یہاں کے وقت کو پڑھائی اور ہنر سیکھنے کے لیے استعمال کریں، جیل میں رہ کر ایسے ہنر سیکھیں کہ جب وہ باہر جائیں تو اپنی ہنر مندی سے بہتر عملی زندگی گزار سکیں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ جیل بیرکس میں بچوں کے لیے دلچسپ موضوعات اور کہانیوں پر مشتمل کتابیں رکھوائی جائیں گی تاکہ شام کو جب قیدی بچے بیرکس میں جائیں تو اپنا وقت مطالعہ اور کتب بینی میں صرف کر سکیں، انہوں نے کہا کہ کتب بینی سے نہ صرف وقت بہت اچھا گزرتا ہے بلکہ اس سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ اسیر بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ہم عملی قدم اٹھا چکے ہیں، ابتدائی طور پر محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کے حکام اس بات کا جائزہ لیں گے کہ جیل میں قید بچوں کا تعلیمی پس منظر کیا ہے اور انہوں نے کس کلاس میں اپنی تعلیم کا سلسلہ منقطع کیا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ اسیر بچے جیل کو اصلاحی مرکز کے طور پر سمجھیں اور اپنے اندر سیکھنے کا جذبہ پیدا کریں۔

خطاب کے دوران سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے اسیر بچوں سے سوالات بھی پوچھے۔

دریں اثناء بورسٹل انسٹی ٹیوٹ اینڈ جوینائل جیل بہاول پور آمد پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا، اور جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button