ملتان : زرعی یونیورسٹی میں سوشل میڈیا بارے سیمینار
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سینئر ٹیوٹر اور ہال وارڈن آفس کی جانب سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
راجہ ضیاء الحق، سی ای او یوتھ کلب گیسٹ سپیکر تھے۔
تقریب کا انعقاد ینگ اسٹوڈنٹس پیس سوسائٹی نے طلباء کو سوشل میڈیا کے اچھے اور برے پہلو، سماجی ذمہ داری سے آگاہ کرنے کے لیے کیا تھا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ضیاء الحق نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سوشل میڈیا نے بنیادی طور پر زندگی کو تبدیل کر دیا ہے۔
اب دنیا ایک گاؤں میں تبدیل ہو گئی ہے۔
اگرچہ سوشل میڈیا لوگوں کے لیے جڑنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان بناتا ہے، لیکن یہ ذہنی صحت اور تندرستی پر منفی اثرات کا باعث بھی بن سکتا ہے، کیونکہ یہ سماجی موازنہ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ قریب بیٹھ کر لوگ ایک دوسرے سے دور ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ سوشل میڈیا سے پرہیز کرتے ہیں، انہوں نے زیادہ وقت انٹرنیٹ براؤز کرنے، کام کرنے، صفائی ستھرائی اور کام کرنے میں صرف کیا۔
راجہ ضیا نے اپنی گفتگو کا اختتام اس بات پر کیا کہ سوشل میڈیا پہ وقت گزارتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکا آپکی دنیا اور آخرت پہ کیا اثر پڑسکتا ہے۔
ڈاکٹر مرزا عبدالقیوم نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز) کا یہ ویژن ہے کہ طلباء و طالبات سوشل میڈیا کا استعمال صحیح انداز سے کریں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہو۔
انہوں نے مزید کہا سوشل میڈیا نے تیزی سے ہمارے وقت، سوچ اور سیاسی معاملات کو تبدیل کر دیا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے لاگت اور فوائد کا موازنہ ضرور کر لیا جائے مزید سوشل میڈیا کو ایک سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے حقائق اور سچ کی پرکھ کی بنیاد پہ استعمال کیا جائے تاکہ اس کے کثرت استعمال کے نقصانات سے ہر صورت بچا جا سکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عثمان جمشید،نگہت رضا، ڈاکٹر محمد شہباز سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔