’’نوجوانوں کو زندگی کی مہارتوں، شہری تعلیم اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال‘‘ کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ شروع
دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز اور سماجی تنظیم ایس ایس ڈی او کے باہمی اشتراک سے تین روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ” "نوجوانوں کو زندگی کی مہارتوں، شہری تعلیم اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال” شروع ہوگئی ۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں دنیا بھر میں علم،فکر اور تحقیق کا مرکز رہی ہیں، علوم جدید و تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ اپنے زمانے کے لیے آئینے کی حیثیت رکھتی ہیں اور اجتماعی شعور کی نمائندہ بھی ہیں اس لئے ملک کی تعمیر و ترقی ان کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔
ویمن یونیورسٹی ملتان نے بہت کم عرصہ میں اپنے تعلیمی معیار اور ریسرچ کی بدولت تعلیمی و تحقیقی میدان میں اہم مقام حاصل کیا ۔، اس دور میں سوشل میڈیا کے بغیر زندگی اور دنیا کا تصور کرنا بھی ممکن نہیں رہا ہے۔
سماجی ویب سائٹس کا ہماری زندگی میں عمل دخل اور استعمال روزبہ روز بڑھتا جارہا ہے، اور باہمی تعلقات سے معلومات کے حصول اور خریداری تک ہم سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کے مختلف طریقوں سے استعمال کر رہے ہیں۔
ہمارے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو یہ حقیقت سمجھنا ہوگی کہ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز درس وتدریس کے ٹولز بن سکتے ہیں اور بن رہے ہیں۔ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور دیگر سماجی ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں ، اور طالبات اس کو اپنی معاشی مدد کےلئے بھی استعمال کرسکتی ہیں ۔
طالبات ہ محنت اور لگن سے اپنی تعلیمی مراحل طے کریں اور اپنی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں ۔
ورکشاپ کے ٹرینر ضیغم عباس اور محمد اختر نے طالبات کو اس ورکشاپ کے مقاصد سے آگاہ کیا ۔
تقریب میں ڈاکٹر عدیلہ سعید ، ڈاکٹر صبیحہ اور طالبات نے شرکت کی۔