ویمن یونیورسٹی فلسطینی اور کشمیری عوام کے لئے نعروں سے گونج اٹھی
ویمن یونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹس افیئر کے زیر اہتمام فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف امن کی حمایت اور کشمیر یوم سیاہ کے حوالے سے بھارتی بربریت کی مذمت کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان نے کی، واک میں طالبات، سٹاف اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطین میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، اور غزہ کی سرزمین پر ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے دعویداروں کو مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی دکھائی نہیں دیتی تاہم اقوام عالم یہ جان لے کہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم و بربریت سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شرکاء سے بھی اپیل کی کہ وہ کمزور فلسطینی آبادی کی مالی مدد کے لئے ہر ممکن تعاون کریں۔
رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا نے طالبات کو کشمیر یوم سیاہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا کہ کس طرح 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، اسی کی مناسبت سے اس دن کو دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ دنیا کو یہ توانا پیغام دیا جائے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
واک کے شرکاء کہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز ریاست کے قیام کے کوشاں ہیں، ایسے وقت میں پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
طالبات نے مختلف پلے کارڈز ، بینرز اور فلسطینی پرچم آویزاں کیے، جن پر انصاف اکے ذریعے کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط اور مظالم کو اجاگر کیا۔
طالبات نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگائے ۔