نیشنل انڈر 13 ون ڈے ٹورنامنٹ کا تیسرا راؤنڈ مکمل
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 8 وکٹوں سے ہرادیا.
سینٹرل پنجاب نے 54 رنز کا آسان ہدف 16.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. عبید اللہ 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ناردرن کی پوری ٹیم 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی. اسد نعیم اور اویس زبیر نے تین، تین جبکہ حسنین عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں.
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی. فاتح ٹیم نے 118 رنز کا ہدف 18.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. محمد عمر نے 30 رنز بنائے. فائق علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں. پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بلوچستان نے مقررہ 30 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے. خان ولی اور عدنان احمد 37، 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. قاسم احمد نے 3 جبکہ محسن ملک اور عبدالرحمٰن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.
کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کے پی نے سندھ کو 40 رنز سے ہرادیا. 187 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ تیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی. احسان خان نے 54 رنز بنائے. جنید خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں.
اس سے قبل کے پی نے اکبر علی کے 69 اور عطاءااللہ کے 45 رنز کی بدولت مقررہ تیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے. احسان خان اور غلام احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں.