زرعی یونیورسٹی میں پانچ روزہ تربیتی ٹریننگ کا انعقاد
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تعاون سے پانچ روزہ تربیتی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ٹریننگ انتظامی عملے کی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے پانچ دنوں پر مشتمل پروگرام کا حصہ ہے۔
نور آمنہ ملک، منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) نےاپنے آن لائن خطاب میں اس ٹریننگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی اور ان کی کارکردگی میں بہتری کے لیے انتظامیہ کا مؤثر ہونا بے حد ضروری ہے۔
NAHE کا یہ پروگرام اس مقصد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے کہ اداروں کے انتظامی عملے کو جدید مہارتیں اور عالمی معیار کے مطابق تربیت کا مواقع فراہم کیا جا سکے۔
اُنھوں نے کہا کہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کا مقصد انتظامیہ کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے وژن اور مشن کو بہتر طریقے سے پورا کر سکیں۔
پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد راجوانہ، وائس چانسلر، محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی عملے کا بنیادی فرض طلباء کی خدمت کرنا ہے، کیونکہ طلباء ہی ہماری توجہ کا مرکز ہیں۔ ہماری تمام پالیسیاں، فیصلے اور اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہیں کہ طلباء کو ایک بہترین تعلیمی اور انتظامی ماحول فراہم کیا جائے۔ یہ ٹریننگ پروگرام عملے کو اس قابل بنائے گا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے نبھا سکیں اور طلباء کی ضروریات کو اولین ترجیح دے سکیں۔
سعدیہ بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر، نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) نے تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام جدید نظم و نسق اور لیڈرشپ کی مہارتوں پر مبنی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکاء کو سیکھنے اور اپنی موجودہ صلاحیتوں کو بہتر کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ہمارا مقصد ہے کہ انتظامیہ کو خود اعتمادی کے ساتھ چیلنجز کا سامنا کرنے اور مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے تیار کیا جائے۔
ورکشاپ کے دوران پروفیسر ڈاکٹر سائقہ امتیاز نے تحریری مہارتوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے موضوع پر جامع لیکچر دیا، انہوں نے شرکاء کو مؤثر تحریری تکنیکوں، پیشہ ورانہ خطوط و ای میلز کی تیاری، پریزنٹیشن کی تیاری اور مؤثر ابلاغ کے اصولوں سے روشناس کروایا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تحریری اور ابلاغی مہارتیں نہ صرف کام کی کارکردگی کو بڑھاتی ہیں بلکہ پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ان کا لیکچر عملی مثالوں اور انٹرایکٹو سرگرمیوں پر مشتمل تھا، جس سے شرکاء کو اپنی موجودہ مہارتوں کو مزید بہتر کرنے میں مدد ملی۔ تربیتی پروگرام جمعہ 6 دسمبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔