ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی سکالرز کے لیے ایک روزہ ٹریننگ کا انعقاد
ترجمان کے مطابق ٹریننگ کا مقصد پی ایچ ڈی سکالرز کو انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انیشیٹو پروگرام کے متعلق آگاہی دینا تھا۔
ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر جنید علی خان نے کہا کہ پی ایچ ڈی سکالرز کے لیے ترقی یافتہ ممالک کی یونیورسٹیز سے تحقیقی تجربہ حاصل کرنا بہت اہم ہے، اس کے علاوہ طلباء و طالبات اس تجربے کو استعمال کرتے ہوئے اپنی قابلیت اور تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
چیئرمین فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد شہباز نے ٹریننگ میں طلباء و طالبات کو اس سکالرشپ پر اپلائی کرنے کا طریقہ اور اس کے فوائد کے متعلق مکمل معلومات فراہم کیں، انہوں نے کہا کہ یہ سکالرشپ پی ایچ ڈی کے تمام طلباء و طالبات کے لیے نہایت اہم ہے اور اس پر اپلائی کرنا نہایت آسان ہے۔ اسکالرشپ کے ذریعے چھ ماہ تک ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان طلباء و طالبات کو ترقی یافتہ ممالک میں تحقیقی تجربہ حاصل کرنے کے لیے فنڈنگ مہیا کرتا ہے۔
ٹریننگ کے دوسرے پینلسٹ ڈاکٹر اختر حمید اسسٹنٹ پروفیسر انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن نے طلباء و طالبات کو اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر اہم معلومات فراہم کیں۔ ٹریننگ کے تیسرے پینلسٹ زبیر حمزہ نے طلباء و طالبات کو ایپلیکیشن فارم کے متعلق آگاہی مہیا کی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر گریجویٹ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ناصر ندیم نے طلباء و طالبات سکالرشپ کو حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات اس فنڈنگ کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف اپنی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ بیرون ملک جا کر اپنی محنت کے ذریعے ملک و قوم کا نام بھی روشن کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سلمان قادری، ڈاکٹر مرزا عبدالقیوم، ڈاکٹر محمد اشتیاق، اور آرگنائزنگ سیکرٹری ڈاکٹر فواد ظفر احمد خان بھی موجود تھے۔