ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کو دعاؤں کے ساتھ ’’رخصت ‘‘ کر دیا گیا
وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے آخری روز یونی ہیلتھ منرل واٹر اور سولر پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی مدت ملازمت ختم ہوگئی، انہوں نے 6 اگست 2019 کو چارج سنبھالا تھا ، انہوں نے اپنی وائس چانسلر شپ کے آخری روز متعدد پراجیکٹ کے افتتاح کئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے شعبہ کیمسٹری میں واٹر ریسرچ لیب کا افتتاح کیا، اس سلسلے میں شعبہ کیمسٹری نے ویمن یونیورسٹی ملتان میں نصب ریورس اوسموسس سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے” یونی ہیلتھ منرل واٹر ” برانڈ کا آغاز کیا، جس کو اکیڈمک کونسل سے منظور کروایا گیا ہے ۔
اس حوالے سے ڈاکٹر سارہ مصدق چیئرپرسن شعبہ کیمسٹری نے بتایا کہ یہ پانی ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ شعبہ کیمسٹری پہلے ہی پانی کی صفائی کے لیے جھلی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرے کو کم کیا جائے، اور یونی ہیلتھ منرل واٹر برانڈ کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے اور ساتھ ہی پانی کے معیار کے حوالے سے صارفین کو حل پیش کیا جا سکے۔
ڈاکٹر سارہ مصدق نے کہا کہ یونیورسٹی کے اس پراجیکٹ کے ذریعے عملہ اور طالبات کو پینے کا صاف اور صحت بخش پانی مہیا ہو سکے گا ۔
اس پراجیکٹ کی نگرانی ڈاکٹر سارہ مصدق نے کی، اور پی ایچ ڈی سکالر جویریہ کنول بھی شامل ہیں۔
اس پروجیکٹ کے لیے جویریہ کنول نے واٹر ڈیپارٹمنٹ سے باقاعدہ تربیت لی، شعبہ کیمسٹری کے تیار کردہ منرل واٹر کو پہلے یونیورسٹی میں استعمال کیا جائے گا، جس کے بعد کمرشل سپلائی بھی تیار کی جائے گی۔ جبکہ واٹر لیب میں پانی کی کوالٹی کے حوالے جدید ریسرچ کا سلسلہ جاری رہے گا ، جس پر وائس چانسلر نے ان کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کی ترقی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بعد ازں انہوں نے متی کمپس میں دو سو کلو واٹ کے سولر پراجیکٹ کا افتتاح کیا ، ویمن یونیورسٹی میں انرجی ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (پیکا) کے تعاون سے یہ پراجیکٹ مکمل کیا گیا ہے۔
پہلے حصے میں دو سو کلو واٹ کچہری کیمپس میں نصب کیا گیا تھا ، اب دو سو کلو واٹ کا پراجیکٹ متی تل کیمپس میں فعال کردیا گیا ہے۔
پی ڈی اسد بھٹہ نے بتایا کہ ان پروجیکٹ سے یونیورسٹی کو 16سو یونٹس روزانہ کی بنیاد پر ملیں گے، یہ سسٹم نیٹ میٹرنگ سے جڑا ہے، اضافی بجلی میپکو خرید کرے گا۔
اس پراجیکٹ پر ویمن یونیورسٹی نے کوئی سرمایہ کاری نہیں کی ہے، تاہم یونیورسٹی ابتدائی 5سالوں میں 23 روپے فی یونٹس کے حساب سے بجلی خریدے گی، جبکہ آئندہ 20 سال 13روپے فی یونٹس کے حساب سے بجلی خریدی جائے گی، جس کے بعد سسٹم یونیورسٹی کی ملکیت ہو جائے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ویمن یونیورسٹی انرجی کی بچت کے اقدامات اٹھا رہی ہے، اس پراجیکٹ سے یونیورسٹی بجلی کی مد میں لاکھوں روپے کی بچت ہوگی، اور اضافی بجلی بھی دستیاب ہوگی ، جبکہ گرین انرجی کی وجہ سے ماحول پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔
علاوہ ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے شعبہ انگلش میں جدید طرز پر تیار سیمینار روم کا بھی افتتاح کیا، اس موقع پر ڈاکٹر میمونہ خان، چیئرپرسن شعبہ انگلش نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی قیادت میں یونیورسٹی نے ترقی کی بہت سی منازل طے کی ہیں۔
آج ویمن یونیورسٹی کے گریجویٹس مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، اور پاکستان کی قومی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
آخر میں وائس چانسلر کے الوداع کے موقع پر دارالقرآن میں دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں درود تنجینا پڑھا گیا ۔
اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی صحت اور ترقی کےلئے دعا کی تقریب میں تمام شعبوں کی چیئر پرسنز نے شرکت کی۔
دریں اثنا وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ملتان کی ریٹائرمنٹ پر ان کو الوداعیہ دیا ۔
اس موقع پر وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان نے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا ۔
اس موقع پر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کو ایمرسن یونیورسٹی کی طرف سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔