ویمن یونیورسٹی ملتان کی دس سالہ تقریبات اختتام پذیر
ویمن یونیورسٹی ملتان کی دس سالہ تقریبات اس عزم کے ساتھ اختتام پزیر ہوگئیں کہ اس قدیم درس گاہ کو تحقیق کا مرکز بنایا جائے گا، تدریس ڈسپلن کا اعلیٰ نمونہ بنانے کےلئے اقدامات کئے جائیںگے۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کے قیام کی دس سالہ تقریبات کے دوسرے روز خواتین بازار کا انعقاد کیاگیا، جس میں کھانے پینے اورگھریلو اشیا کے سٹال لگائے گئے تھے، اس سٹال پر دن بھر طالبات اور اساتذہ کا رش رہا،ورائٹی شو کاانعقاد بھی کیاگیا جس میں طالبات نے مختلف ڈرامے پیش کیے، جن میں رومیو اینڈ جولیٹ, اُمراؤ جان ادا, ثقافتی گیت پر فیکلٹی ممبران سٹاف ممبران اور طالبات نے پرفارمنس پیش کی۔
کھیلوں کے مقابلے دوسرے روز بھی جاری رہے ، ٹیبل ٹینس , بیڈمنٹن اور کرکٹ کے میچز بھی ہوئے ،ایونٹس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہاکہ مخصوص اور کم وسائل کے باو جود یونیورسٹی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعات کی بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور پاکستان کی بہترین جامعہ کا اعزاز بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔
یونیورسٹی کے موجودہ مسائل کو حل کرنے کے لئے ایلومنائی ایسوسی ایشن کی خدمات حاصل کریںگے۔
حکومت کو فنڈز کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کردیا ہے یونیورسٹی کی 10 سالہ گراں قدر خدمات کے اعتراف میں یونیورسٹی کے لئے سپیشل پیکج کا اعلان کرے۔
رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ دس سالہ تقریب دراصل سب ایک چھت تلے اکھٹا کرنے کی کوشش تھی تاکہ احساس ابھرے کہ اس مادر علمی کو سب ملکر ترقی کی راہ گامزن رکھیں، وہ دن دور نہیں جب ویمن یونیورسٹی ملتان کانام دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہوگا۔
دس سالہ تقریبات کا کامیاب انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اس ادارے کی ترقی کےلئے سب ایک ہیں۔
ایلومینائی کی صدر ڈاکٹر صدف کا کہنا تھا کہ ایلومنائی ایسوسی ایشن اپنی مادر علمی کے مسائل کے حل کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے اقدامات اٹھائی گی، اس پلیٹ فارم سے مستحق طالبات کے لئے سکالرشپ کا اہتمام کیا جائے گا، ایلومینائی انڈونمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لائے گی، جبکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ خدمات سر انجام دینے والے اولڈ سٹوڈنٹس کے لئے ایوارڈز شروع کئے جائیں گے۔
بعدازاں کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔
اس میگا ایونٹ کی فوکل پرسن ڈاکٹر میمونہ خان جبکہ آرگنائزر ٹیم میں ڈاکٹر ملکہ رانی، ڈاکٹر عدیلہ سعید، ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈاکٹر صدف محمود، مس سعدیہ طالب، مس انعم زہرہ ، اور عرفان محمود شامل تھیں ۔
تقریب میں ایلومنائی، اساتذہ ،سٹاف اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔