اعجاز راہی ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل کے خلاف پھٹ پڑے

انجمن گلوکاران ملتان کے چیئرمین سنگر اعجاز راہی نے کہا ہے کہ سرائیکی خطہ کے سینئر گلوکاروں کی ملتان آرٹس کونسل میں حق تلفی ہو رہی ہے، سینئر گلوکاروں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ،جبکہ نام و نہاد فنکاروں، گلوکاروں کو فوقیت دی جارہی ہے، جنہیں موسیقی کے متعلق ایک لفظ کا پتہ تک نہیں ہے۔
حالانکہ سابق ریذیڈنٹ ڈائریکٹرملتان آرٹس کونسل محمدعلی واسطی کے دور میں سینئر گلوکاروں کی حوصلہ افزائی ہوا کرتی تھی، اور آج صورتحال یہ ہے کہ ملتان آرٹس کونسل کی انتظامیہ نے سینئر گلوکاروں کو دیوار سے لگادیا ہے ، اوران گلوکاروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے۔
لیکن اس سلسلے میں حکام بالا سنجیدگی سے کوئی نوٹس نہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب، ایڈیشنل سیکریٹری ساؤتھ پنجاب، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں فی الفور نوٹس لیں، بصورت دیگر سینئر فنکار، گلوکار سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔



















