سی سی آر آئی ملتان میں انٹرنیشنل سیمینار برائے گلابی سندی کا انسداد17نومبر کو منعقد ہوگا

کپاس کی گلابی سنڈی کے انسداد کے لئے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں 17نومبربروز بدھ انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انٹرنیشنل سیمینار میں ملکی و غیر ملکی زرعی ماہرین اور ملک بھر سے مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے تدریسی اساتذہ کپاس کی گلابی سنڈی کے انسداد کے لئے اپنے اپنے مقالہ جات پڑھیں گے اور سیمینار کے شرکاء کوگلابی سنڈی کے خلاف موسمی وبے موسمی تدارک کے لئے اپنے اپنے تجربات ومشاہدات اور حکمت عملی بارے آگاہی فراہم کریں گے۔
سیمینار میں انڈیا،چین اور یو ایس اے کے زرعی ماہرین خصوصی شرکت کریں گے جبکہ ملکی سطح پر وفاقی وصوبائی ریسرچ اداروں کے کاٹن ایکسپرٹ اور شعبہ حشریات سے تعلق رکھنے و الے تدریسی اساتذہ کرام بھی سیمینار میں گلابی سنڈی بارے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا ہے کپاس پیدا کرنے والے دنیا کے اکثرممالک میں گلابی سنڈی پائی جاتی ہے۔ ہمارے ملک میں سفید مکھی اور گلابی سنڈی کپا س کی فصل کے بڑے چیلنجز ہیں جن کے تدارک کے لئے ریسرچ ادارے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں گلابی سنڈی کی وجہ سے ہمیں سالانہ1سے2ملین کپاس کی گانٹھوں کا نقصان ہوتا ہے جس کی مالیت اربوں ڈالرز بنتی ہے۔
ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ انٹرنیشنل سیمینار کا مقصد ملکی وغیر ملکی زرعی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اس کیڑے کے خلاف ہمیں ایک مؤثر جامع حکمت عملی اختیار کرنا پڑے گی۔
اس موقع پر مختلف زرعی کمپنیوں کی جانب سے زرعی اسٹال بھی لگائے جائیں گے۔



















