شہریوں کا کورونا سے بچاؤ کےلئے پاک فوج اور پولیس میدان عمل میں
سٹی پولیس آفیسر ملتان منیر مسعود مارتھ کی ہدایت پر سٹی پولیس ملتان کا پاک فوج اور رینجرز کے ہمراہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی دینا اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ فلیگ مارچ کیا گیا۔
سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی دینا اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بھرپور مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے جس کے بچنے کے لیے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اور پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں ،کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں خود بھی بچیں اور ملک کو بھی بچانے میں ہمارا ساتھ دیں۔
ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور شہریوں میں ماسک بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے مل کر کام کر رہی ہے، کورونا ایس او پی پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے شام 6 بجے تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز بند کر دیئے جاتے ہیں، اسی حوالے سے تاجر برادری اور منیجمنٹ کے ساتھ میٹنگز کی جارہی ہیں، تاکہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔