میپکو کے جنرل منیجر آپریشن طارق محمود بٹر اور جنرل منیجرٹیکنیکل شفیق الحسن ریٹائر ہوگئے

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق نے کہاہے کہ مدت ملازمت پوری کرکے باعزت ریٹائر ہونا اللہ کریم کا انعام ہے۔ افرادی قوت اداروں کے استحکام میں کلیدی کرداراداکرتی ہے۔ محنتی، دیانتدار اور تجربہ کار افسران اور ملازمین کمپنی کا اثاثہ ہوتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل منیجر آپریشن طارق محمود بٹراور جنرل منیجرٹیکنیکل شفیق الحسن کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے دونوں جنرل منیجرز پاورسیکٹر کی ہمہ جہت اور متحرک شخصیات ہیں جنہوں نے اپنی کاوشوں اور خدمات سے میپکو کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار اداکیا جو لائق تحسین ہے۔
ریٹائر ہونے والے جنرل منیجرٹیکنیکل شفیق الحسن نے کہا کہ میں نے 1985ء میں بطور ایس ڈی اوملتان سے سروس کا آغاز کیا۔ٹرائبل ایریاالیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) میں بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر کام کیا اورآج ملتان سے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہورہاہوں۔ باعزت طریقے سے رخصت کرنے پر میپکو انتظامیہ کا مشکور ہوں۔
جنرل منیجر آپریشن طارق محمود بٹر نے کہا کہ میں نے 1988ء سے اپنی سروس کا آغاز بطور ایس ڈی او لاہور سے کیا اور 2020ء میں بطور چیف انجینئر کے عہدے پر ترقی پائی اور 2021ء میں سروس پوری ہونے پر ریٹائرہورہاہوں۔
بعدازاں چیف ایگزیکٹو آفیسرانجینئر اکرام الحق نے ریٹائر ہونے والے دونوں جنرل منیجرزکویادگاری شیلڈ، واجبات کا چیک اور تحائف دئیے۔
اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن صدیق اللہ خان، جنرل منیجر کسٹمرسروسز سید احسن محی الدین، چیف انجینئرز عترت حسین، عبدالرحیم سومرو، نوراحمد سومرو، ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن نصر حیات میکن، ڈی جی آئی ٹی امتیاز رسول اور تمام شعبوں کے سربراہان اور افسران بھی موجود تھے۔



















