اب سول سرونٹس بنیں گے سکول ٹیچرز
سول سروسز اکیڈمی لاہور کا سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی معاونت سے تعلیمی تبدیلی کا منصوبہ، ‘دی علی گڑھ موومنٹ 2.0’ پراجیکٹ کے تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کے زیر تربیت افسران ایک ہفتہ کے لیے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بطور ٹیچر فرائض سرانجام دیں گے۔
تفصیل کے مطابق سول سروسز اکیڈمی لاہور نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت افسران کو تعلیمی اقدار، شعبہ تعلیم کے مسائل اور اصلاحی اقدامات کے بارے میں بہتر طور پر آگاہی دینے کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے تعاون سے ایک خصوصی تربیتی پروگرام تشکیل دیا ہے۔
اس تربیتی پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے آٹھ اضلاع ملتان، بہاول پور، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور لیہ کے پرائمری، ایلیمنٹری اور ہائی سکولوں میں 28 مرد اور 12 خواتین زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز کو ایک ہفتے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کو ‘دی علی گڑھ موومنٹ 2.0’ پراجیکٹ کا نام دیا گیا ہے۔
سکولوں میں اپنی تعیناتی کے دوران زیر تربیت افسران سکولوں میں انتظامی امور کی نگرانی کریں گے، طلبہ کو لیکچرز دیں گے اور بجٹ تیار کرنے کے علاوہ تعلیمی معیار اور طلباء و طالبات کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
اس تربیتی پروگرام کے اختتام پر ہر افسر ایک سکول ٹرانسفارمیشن پلان پیش کرے گا۔
منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ یہ اقدام سرسید احمد خان کے 150 سال سے زائد عرصہ قبل شروع کیے گئے نامکمل ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصل علی گڑھ تحریک کے مخاطب مسلمان عوام تھے ، جب کہ ‘دی علی گڑھ موومنٹ 2.0’ پراجیکٹ میں ان لوگوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی جو پالیسی ساز اور معاملات کے سربراہ ہیں کیوں کہ انہوں نے تعلیم کو کبھی بھی اتنی اہمیت نہیں دی جتنی کہ دی جانی چاہیے۔