لاء کے طلباء کا مستقبل محفوظ بنانے کےلئے تین سٹڈی سنٹرز کی منظوری
زکریا یونیورسٹی نے ایل ایل بی تین سالہ پروگرام کے طلباء کا مستقبل محفوظ بنانے کےلئے تین سٹڈی سنٹرز کی منظوری دے دی۔
تفصیل کے مطابق ایل یل بی تین سالہ پروگرام کے طلباء کو محفوظ بنانے کےلئے زکریا یونیورسٹی حکام نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تین ایریا سٹڈی سنٹر قائم کرنے کی منظوری دی ہے ، جن میں وہ تمام پرائیویٹ لا کالجز جو بند کردئے ہیں ، ان کے طلبا کو پڑھایا جاسکے۔
سینڈیکیٹ سے منظوری کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تین سنٹر ملتان ، وہاڑی اور ڈیرہ غازی خان میں قائم کئے جائیں گے ، ملتان سنٹر کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر محمد بلال ہوں گے ، جبکہ وہ چیف کوآرڈینٹر کے فرائض بھی سر انجام دیں گے ۔
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فیض بخش وہاڑی کیمپس کے کوآرڈینٹر ہوں گے ، جبکہ ڈاکٹر محمد سلیم شیخ ریٹائر پروفیسر ڈیرہ غازی خان سنٹر کے کوآرڈینٹر ہوں گے ۔
تمام کوآرڈینٹر اس پروگرام کو چلانے کےلئے ایک فریم ورک تیار کریں گے، جس میں فیس سٹرکچر، فیکلٹی کی تعیناتی، بلڈنگ اور اخراجات اور تمام قانون وضوابط طے کئے جائیں گے ، یہ کوآرڈینٹر سینڈیکیٹ کی منظوری کے بعد فیکلٹی کی تعیناتی کرسکیں گے ۔