پی پی کی الیکشن مہم سی ای او ایجوکیشن ملتان کو لے ڈوبی
الیکشن کمیشن کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر معطل ہونے والے سی ای او ایجوکیشن فیض عباس خان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انہیں انتظامی تجربہ حاصل نہیں، دیہات کے سکول میں ہیڈ ماسٹر تھے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
یوسف رضا گیلانی کی آشیر باد ، فیض عباس سی ای او ایجوکیشن ملتان تعینات
ایک سیاسی جماعت کے اہم لیڈر کی سفارش پر ضلع میں محکمہ تعلیم سکولز کی سب سے اہم ترین چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی سیٹ حاصل کرلی، اور اسی سیاسی لیڈر کے اشاروں پر چلتے رہے، تعیناتیوں، تقرریوں، انکوائریوں سمیت تمام جائز و ناجائز کام کئے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
یوسف رضا گیلانی کی آشیر باد ، فیض عباس سی ای او ایجوکیشن ملتان تعینات
افسران تعلیم سکولز سربراہان کو مخصوص سیاسی جماعت کی انتخابی مہم چلانے کے احکامات دینے کے بھی الزامات سامنے آئے، جنہیں کہا گیا کہ مخصوص سیاسی جماعت کے امیدواروں کو سکولوں میں لے جائیں اور اساتذہ و طلباء کو قائل کریں کہ وہ الیکشن میں انہیں ووٹ دیں۔
ایک شہری جمشید اقبال نے ڈپٹی کمشنر ملتان کو اس حوالے سے درخواست دی، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) انکوائری آفیسر مقرر ہوئے، مگر سیاسی لیڈر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کو فون کرکے کارروائی سے ہی روک دیا۔
ذرائع کے مطابق یہی نہیں بلکہ سی ای او فیض عباس خان نے سیاسی شخصیت کے ذریعے ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری کو ہٹا کر اپنے من پسند افسران کی تعیناتیاں کرائیں۔
ایک سیاسی جماعت کی کھلے عام الیکشن مہم چلانے اور باقاعدہ تصاویر بھی شیئر ہونے پر الیکشن کمیشن کو شکایات موصول ہوئیں، جس پر الیکشن کمیشن کے نوٹس لینے پر اتھارٹی نے سی ای او فیض عباس کو معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
دریں اثنا معطل سی ای او فیض عباس نے ان الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔