ڈپٹی ڈی ای او زنانہ ایلمنٹری کرپشن ثابت ہونے پر عہدے سے فارغ
محکمہ سکولز ملتان کی ڈپٹی ڈی ای او زنانہ ایلمنٹری کو کرپشن ثابت ہونے پر عہدے سے ہٹاتے ہوئے پیڈا ایکٹ کےتحت کارروائی کی منظوری دے دی گئی ۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز جنوبی پنجاب نے مختلف شکایات پرنوٹس لیتے ہوئے اور کرپشن ثابت ہونے پر ڈپٹی ڈی ای او زنانہ ملتان مسز سلطانہ اسلم رانا کو فوری طور پر عہدے سے ہٹاتے ہوئے پیڈا ایکٹ کےتحت کارروائی کی منظوری دے دی ۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ سی ای او ایجوکیشن ملتان کی طر ف سے مراسلے کی سفارش پر ڈی ڈی ای ایلمنٹری سلطانہ اسلم رانا کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جاتا ہے ان پر مالی معاملات اور اپنے عہدے بڑھ کر اختیارات استعمال کرنے کی الزامات ثابت ہوئے ہیں ۔
سلطانہ اسلم نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر ایک سکول کا کرایہ 35 ہزار 929 سے بڑھ کر 52 ہزار کرکے مالک کو غیر قانونی طور پر فائدہ پہنچایا۔
اسی طرح انہوں نے گورنمنٹ میونسپل پرائمری سکول کے کمروں کی مرمت کرانے مد میں چار لاکھ روپے اکاونٹ سے نکلوالئے اور کام نہیں کرایا ، اسی طرح رشوت کی وصولی کے لئے پرائمری سکول ران کلی کی ہیڈ مسٹریس پر دباؤ ڈالا ۔
جس کی شکایات پر انکوائری بھی کی گئی ، انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن کے دورے کے موقع پر ایک سکول کی بری کارکردگی کو جواز پیش نہ کرسکیں۔
اسی طرح ٹرانسفر پوسٹنگ کے عمل میں ممنوعہ اقدامات کئے، جس پر سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان کی سفارش پر فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جاتا ہے، اور پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی کی منظوری دی جاتی ہے ۔