اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے مسلسل دوسری بار انٹر یونیورسٹی بیس بال چیمپئن شپ جیت لی
آل پاکستان انٹر یونیورسٹی بیس بال چیمپن شپ 2024 ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں ختم ہوگئی، فائنل میچ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے یونیورسٹی آف سینڑل پنجاب کو چھ کے مقابلہ میں سات سکور سے ہراکر مسلسل دوسری بار چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
گیارہ اننگز پر مشتمل فائنل میچ میں یو سی پی کی طرف سے مدثر 2جبکہ سعید وقاص صائم اور موسیٰ نے ایک ایک سکور کیا، جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی کی طرف سے فضل ربی اور ظہیر کے دو دو سکور جبکہ عرفان ریحان اور واحد نے ایک ایک سکور کیا۔
میچ کی خاص بات اسلامیہ یونیورسٹی کے رئیس بشیر کی وننگ ہٹ تھی، جس پر ان کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ عاطف نے تمام گیارہ اننگز میں شاندار پچنگ کا مظاہرہ کیا، یونیورسٹی لیول پر یہ اپنی نوعیت کا سنسنی خہز فائنل تھا جس میں گیارہ اننگز تک میچ کھیلا گیا۔
محمد جمیل کامران، ظفر حسین وڑائچ، مخدوم مظفر عالم، عمران مغل، ساجد رشید، زوہیب ملک، مبارز حسن اور عثمان شوکت ٹیکنیکل آفیشلز تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر رمضان وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اورکھلاڑیوں میں گولڈ میڈل تقسیم کیے۔ آرگنائزنگ سیکرٹری ٹورنامنٹ ظفر خان شیروانی ڈائریکٹر سپورٹس ایمرسن یونیورسٹی ملتان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ بیس بال پاکستان کے مشہور کھیلوں میں سے ایک ہے، ہمارے لیے باعث اعزاز ہے کہ ہم نے مسلسل دوسری بار پاکستان لیول پر منعقد ہونے والی چیمپئن شپ جس میں پورے پاکستان سے یونیورسٹی کے طالب علموں نے شرکت کی، اس کی میزبانی احسن طریقہ سے کی، جس کا سہرا ہمارے ڈائریکٹر سپورٹس ظفر خان شیروانی اور ان کی ٹیم کے سر جاتا ہے، مستقبل میں بھی ہم بیس بال کی ترقی کے لیے بہترین سہولیات کے ساتھ اس طرح کے ایونٹ منعقد کراتے رہیں گے۔
محمد جمیل کامران نے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان نے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان لیول پر ایک شاند ایونٹ کی میزبانی کی، جس پر ہم وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان اور ڈائریکٹر سپورٹس ظفر خان شیروانی کے مشکور ہیں اور پر امید ہیں کہ مستقبل میں بھی اسی طرح بیس کے مختلف ایونٹس کے انعقاد کے سلسلہ میں ان کا تعاون ہمیں حاصل رہے گا۔
آرگنائزنگ سیکرٹری ظفر خان شیروانی نے کہا کہ بیس بال ایک روایتی کھیل بن گیا ہےش جس میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ترقی کے زیادہ مناسب مواقع موجود ہیں، اسی لیے مستقبل میں بھی ہم اس کھیل کی ترویج کے لیے کام کرتے رہیں گے، جس میں خصوصی طور پر اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو سپورٹس پالیسی کے مطابق یونیورسٹی میں داخلے دیے جائیں گے۔
انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے پر ان کے مینیجر قاضی عرفان اور کوچ محمد حسن جمیل اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔