سمرہ پبلک ہائی سکول ملتان میں یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

گورنمنٹ سمرہ پبلک ہائی سکول ملتان میں یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں تقریب گورنمنٹ سمرہ پبلک ہائی اسکول ملتان میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک باوقار اور مؤثر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو سینئر ہیڈ ماسٹر محترم خالد محمود خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔
چونکہ ہر سال پانچ فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر سرکاری تعطیل ہوتی ہے، اسی پیشِ نظر حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق چار فروری کو تعلیمی اداروں میں خصوصی تقاریب کے انعقاد کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ انہی احکامات کی روشنی میں سمرہ پبلک ہائی اسکول ملتان میں یہ تقریب نہایت جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ منعقد کی گئی۔
اس موقع پر سینئر ہیڈ ماسٹر خالد محمود خان نے اپنے صدارتی خطاب میں مسئلہ کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور اخلاقی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کشمیر ایک متنازع خطہ ہے جس پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے، اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں آج بھی کشمیری عوام کو یہ حق دیتی ہیں کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، مگر بدقسمتی سے بھارت ان قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے۔
اس موقع پر سینئر ٹیچر چوہدری محمد علی ہاشم خان نے طلبہ کو مسئلہ کشمیر کے پس منظر، وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، اور کشمیری عوام کی قربانیوں سے آگاہ کیا۔
اساتذہ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں بحیثیت پاکستانی نہ صرف کشمیریوں کے دکھ درد کو سمجھنا چاہیے بلکہ ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھی جاری رکھنی چاہیے۔
تقریب میں طلبہ نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ بچوں نے مسئلہ کشمیر پر تقاریر، مقالے اور ملی نغمے پیش کیے، جن میں کشمیری عوام سے یکجہتی، آزادی کی تڑپ اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا گیا۔















