زرعی یونیورسٹی میں پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تعاون سے منعقدہ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ٹریننگ کا مقصد یونیورسٹی کے انتظامی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
زرعی یونیورسٹی میں پانچ روزہ تربیتی ٹریننگ کا انعقاد
تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے یونیورسٹی کی ترقی کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی نے مختصر عرصے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کا جدید انفراسٹرکچر، جیسے مکمل فعال اکیڈمک بلاک، تدریسی لیبارٹریاں، تحقیقاتی فارمز، جدید گریجویٹ لیبارٹری بلاک، ہاسٹل، اور کھیلوں کی سہولیات، طلباء کو تعلیم اور تحقیق کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ طلباء کو تجرباتی تعلیم اور عملی مہارتوں کے ساتھ تیار کیا جائے، جو مستقبل میں زراعت، کاروبار، اور ملازمت کے مواقع میں معاون ہوں۔
نور آمنہ ملک منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن نے تقریب میں کہا کہ قیادت کا اصل مقصد اپنی ٹیم کو با اختیار بنانا ہے اور ٹیم بھی قیادت کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی عملے کی صلاحیتوں کو سراہا اور طلباء کی ترقی اور ان کی تربیت کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان دوسری یونیورسٹیوں کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔
تقریب کے اختتام پر ورکشاپ کے تمام شرکاء کو اسناد پیش کی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر جنید علی خان، ٹرینر سید صفدر شاہ اور آرگنائزرز بھی موجود تھے۔