28 سال بعد پاکستان کے قومی نصاب میں 62نئے مضامین شامل کرنے کا فیصلہ
پاکستان کی قومی نصاب کونسل (این سی سی پی) نے 28سال بعد نویں سے بارہویں جماعت کے لیے 62 نئے مضامین متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
اس بارے میں این سی سی پی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہہ نویں سے بارہویں جماعت کے مجموعی نصاب کے کل 38 مضامین کو تبدیل کیا گیا ہے۔ اختیاری مضامین میں ٹریڈ فیئر ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹیکنیکل مضامین کو نیشنل کونسل کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مضامین میں 10 اضافی ٹیکنیکل مضامین، 14 اپ گریڈ شدہ ٹیکنیکل مضامین، اور 38 آپشنل مضامین نویں سے بارہویں جماعت کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔ اگلے سال نویں سے گیارہویں جماعت کے اختیاری مضامین کے لیے نئے تعلیمی مواد دیا جاسکے گا۔
تکنیکی تعلیم کے مضامین میں اب میڈیکل ٹیکنالوجی، فیشن ڈیزائننگ، اور ڈریس میکنگ شامل ہوں گے، دیگر مضامین جیسے گرافک ڈیزائننگ اور میڈیا پروڈکشن، مہمان نوازی کا انتظام، ٹورازم مینجمنٹ، اور ڈیٹا کوڈنگ کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اپ گریڈ شدہ تکنیکی مضامین میں کمپیوٹر ایپلیکیشن، کمپیوٹر ہارڈ ویئر، مارکیٹنگ، انٹرپرینیورشپ، اور ایونٹ مینجمنٹ کے ساتھ ایڈورٹائزنگ، ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، اور سولر کنسٹرکشن جیسے شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
مزید برآں فوڈ پروسیسنگ، کنزرویشن، موٹر وائنڈنگ، آٹومیشن اور روبوٹکس ٹیکنالوجی، ویلڈنگ اور ووڈ ورک جیسے مضامین بھی شامل کیے جائیں گے۔
نئے نصاب میں کچھ عالمی زبانیں بطور مضامین شامل کی جا رہی ہیں، جن میں چینی، فرانسیسی، فارسی اور عربی شامل ہیں۔