ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اردو میں نیا کتب خانہ قائم کردیا گیا

ویمن یونیورسٹی ملتان کی سابق طالبات اور اساتذہ کے عطیات سے ایک کتب خانہ قائم کیاگیا ہے جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعظمیٰ قریشی نے کیا۔
اس موقع پروائس چانسلر کا کہنا تھا کہ کتب خانہ کسی بھی یونیورسٹی کی پہنچان ہوتا ہے ، خوشی کی بات ہے کہ شعبہ کی الگ سے لائبریری قائم ہوگئی ہے، اس کتب خانے کی اہمیت اور افادیت یہ ہے کہ یہ اردو ادب کے طالب علموں کی علمی اور تحقیقی معاونت کرے گا، قومی زبان کے فروغ اور ارتقا کی ضرورت اس وقت جتنی ہے ماضی میں نہیں تھی اب ویمن یونیورسٹی قومی زبان کی خدمت میں پیش پیش ہوگی، اس کتب خانے کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔
صدر نشین شعبہ اردو دی ویمن یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر شاہدہ رسول نے شعبہ کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور اس سے فارغ التحصیل ہونی والی اساتذہ کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ حسین، پروفیسر ڈاکٹر عصمت جمیل ، پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ترین، پروفیسر نکہت افتخار، مسز زبیر اعوان، مسز غزالہ خاور ،ڈاکٹر عذرا لیاقت اور سارا مجید شریک تھیں ۔



















