ویمن یونیورسٹی: پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ وائس چانسلر بن گئیں
پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا، اس سلسلے میں تقریب وائس چانسلر آفس منعقد ہوئی جس میں تمام فیکلٹی ممبران اور ایڈمنسٹریشن آفیسرز نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی مدت پوری کے بعد عہدے کا چارج سنبھالا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کو دعاؤں کے ساتھ ’’رخصت ‘‘ کر دیا گیا
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی ترقی اور معیاری تعلیم کےلئے اقدامات کئے جائیں گے، تمام ترقیاں میرٹ پر ہوں گی، تمام شعبوں کو ایک ٹیم کی طرح تیار کیا جائے گا تاکہ ہماری یونیورسٹی ملکی اور غیر ملکی سطح پر ہر لحاظ سے نمبر ون بن جائے۔
طالبات کو تعلیم کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تمام اساتذہ اپنی تمام تر صلاحتیں طالبات کو جدید علوم سے روشناس کرانے میں صرف کریں، جبکہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا موقع بھی فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر اساتذہ نے ان کو مبارک باد اور پھول پیش کیئے ۔
یہ بھی پڑھیں ۔
ڈاکٹر کلثوم پراچہ پرو وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان تعینات
واضح رہے ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے 17مارچ 2023 کو بطور پرو وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی کا چارج سنبھالا تھا ، ان کا تعلق شعبہ اسلامک سٹڈیز اینڈ عرابک سے ہے۔
انہوں نے اپنے کیرئر کا آغاز نوے کی دہائی میں کیا ، اپنی پی ایچ ڈی زکریا یونیورسٹی سے 2014میں کی جبکہ پوسٹ ڈاک 2019 میں مکمل کی ۔
ان کے ریسرچ پیپر کی تعداد 39 ہے، جو ملکی اور غیر ملکی ریسرچ جرنلز میں شائع ہوچکے ہیں ، وہ اب تک پی ایچ ڈی کے 5 اور ایم فل کے 40 سے زائد مقالوں کی سپروائز رہ چکی ہیں، جبکہ ان کی نگرانی میں 60 سے زائد ریسرچ پیپر تیار اور شائع ہوچکے ہیں۔
انہوں نے یونیورسٹی کے معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے کئی کمیٹیوں کی سربراہی کی، اور تمام معاملات میں ہمیشہ اخلاقی اور انصاف پسندانہ کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز اینڈ عربک میں تحقیق اور ترقی کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا، اسلامک ایجوکیشن میں ڈاکٹر کلثوم ایک مستند حوالے کے طور پر جانا جاتاہے۔
ان کی تعیناتی کو تعلیمی حلقوں نے سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ویمن یونیورسٹی ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گی ۔