موسم سرما کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع پر غور شروع
پنجاب میں سرد موسم کی شدت کی وجہ سے محکمہ سکول ایجوکیشن نے موسم سرما کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع پر غور شروع کردیا۔
تفصیل کے مطابق پنجاب کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز 18 دسمبر سے ہوا تھا جو اگلے سال کے آغاز تک جاری رہیں گی۔ موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے محکمہ سکولز نے چھٹیوں میں توسیع پر غور شروع کردیا ہے، تاہم ابھی تک پنجاب حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سرد موسم برقرار رہتا ہے، تو صوبائی حکام کو اسکول دوبارہ کھولنے کے شیڈول میں ایڈجسٹمنٹ پر غور کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
مزید یہ کہ والدین نے حکام سے موسم سرما کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتہ توسیع کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ ان کا کہناہے کہ صوبے کے کچھ نجی اسکولوں نے پہلے ہی اپنا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں 7 جنوری تک توسیع کی جائے، محکمہ سکولز کا کہنا ہے کہ تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔