سینئر صحافی ارشد شریف کو کینیا میں شہید کردیا گیا
سینیئر صحافی اینکر ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی کے قریب گولی لگنے سے شہید ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق واقعہ کینیا کے شہر نیروبی سے دو گھنٹے کے فاصلے پر واقع علاقے میں پیش آیا، ارشد شریف گولی لگنے سے شہید ہوگئے۔
کینیا میں پولیس نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ ابتدائی طور پر اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ حملہ بندوق سے کیا گیا تھا۔
ارشد شریف ایک تجربہ کار صحافی ہونے کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز اینکرز میں سے ایک تھے۔
اے آر وائی نیوز کا شو پاور پلے بطور ٹی وی اینکر ان کا ٹیلی ویژن پر آخری شو تھا۔ وہ ماضی میں ملک کے سرکردہ نیوز چینلز اور اخبارات کے لیے کام کر چکے ہیں۔
انہیں سال 2019 میں ان کی غیر معمولی صحافت خدمات پر ‘صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس’ سے نوازا گیا۔
دریں اثنا قومی اسمبلی اجلاس میں محبِ وطن صحافی ارشدشریف کی کینیا میں بہیمانہ قتل پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
قانون ساز ادارے ایوانِ زیریں نے سینئر صحافی ارشدشریف کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری کی جانب سے ایوان میں مذمتی قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ ایوان ارشدشریف کےاہل خانہ سےتعزیت کا اظہار کرتا ہے اور قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔اجلاس میں پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
دوسری جانب سینئر صحافی ارشدشریف کےقتل پر پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی نے احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
مظاہرے میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا، ن لیگ کےخلیل طاہر سندھو، رانا مشہود، بشریٰ انجم بٹ اور دیگر شریک ہوئے۔
صحافیوں نے ارشدشریف کےقتل پر نعرےبازی کی اور اعلیٰ سطح پر تحقیقات کامطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں حکومت پاکستان نے کینیا کے ساتھ مل کر صحافی ارشد شریف کی موت کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ میں واقعہ حادثاتی لگتا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر معاملے کو دیکھ رہی ہیں، حکومت معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھائے گی۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ارشد شریف سے متعلق پولیس رپورٹ آنا باقی ہے، وہ ہمارے ذاتی دوست بھی تھے۔آئی ایس پی آر نے سینیئر صحافی اور نامور اینکر ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہرا دکھ ہے، اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے درجات کو بلند کرے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں اللہ تعالیٰ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزرا، پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، تحریک انصاف نے سینیئر صحافی کا جسد خاکی وطن لانے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔