ملتان : سٹیم مقابلہ گورنمنٹ کمپری ہنسو بوائز ہائی سکینڈری سکول نے جیت لیا

گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول مون لائٹ نیو ملتان میں محکمہ تعلیم ملتان کے زیر اہتمام 53 گرلز اور بوائز سکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان سٹیم مقابلے منعقد ہوئے۔
ضلعی سطح پر مقابلے کے نتائج کے مطابق گورنمنٹ کمپری ہنسو بوائز ہائیر سیکنڈری سکول نے پہلی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بستی نو نے دوسری اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نصرت الاسلام نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ضلعی سطح پر پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات لاہور میں صوبائی مقابلہ جات میں شریک ہوں گے، سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے ضلع سطح پر ملتان کے مختلف سکولوں کے پوزیشن ہولڈر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے گورنمنٹ کمپری ہنسو بوائز ہائر سیکنڈری سکول کے بچوں کو 30 ہزار، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بستی نو کی دوسری پوزیشن پر 20 ہزار اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نصرت الاسلام کی تیسری پوزیشن لینے والے سکول کے بچوں کو 10 ہزار نقد اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن صفدر حسین واہگہ کاکہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں حکومت ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی پر بھی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور بچوں کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سکول ہیڈ ٹیچرز کے لیے بھی تعریفی خطوط جاری کیے جائیں گے۔
ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب خواجہ مظہر الحق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سیکنڈری سید محمود نبی فوکل پرسن منور حسین کمال نے کہا کہ ان مقابلوں سے بچوں میں خود اعتمادی اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا، پنجاب بھر کے سکولوں میں طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی مضامین کو مقابلہ جات میں شامل کیا گیا ہے۔
ان مقابلوں میں بچوں کی دلچسپی موجودہ حکومت کے تعلیمی نظام پر اعتماد کا اظہار ہے۔



















