ویمن یونیورسٹی ملتان میں 76واں یوم آزادی تزق و احتشام سے منایا گیا
پرچم کشائی کی تقریب کچہری کیمپس میں منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے قومی پرچم لہرایا، اور قومی ترانہ پڑھا گیا ۔
تقریب میں یونیورسٹی کے سیکیورٹی اہلکاروں نے سلامی پیش کی، تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب، تمام شعبہ جات کی چیئرپرسنز ,انتظامی عملے اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پرچم کشائی کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ملکی بقا وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی ۔ 76ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی ڈاکٹر عذرا لیاقت ( چیئرپرسن شعبہ اردو) نے کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ پاکستان بننے سے پہلے پورے برصغیر پر قریباً 100 سال تک انگریزوں کا قبضہ رہا، پاکستان حاصل کرنے کے لیے ہمارے بڑوں نے بہت زیادہ قربانیاں دیںش ہم ان قربانیوں کو ضائع نہ ہونے دیں۔
اپنے ملک کی حفاظت کرنا ہم سب پر فرض ہے تاکہ پاکستان کو امن و استقلال کا گہوارہ بنائیں۔
ویمن یونیورسٹی اپنے قائد کے فرمان کے مطابق ترقی کی منازل طے کررہی ہے ہم عہد کرتے ہیں اس ادارے کی ترقی کےلئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عدیلہ اور ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ یوم آزادی صرف رسم نہیں ایک عہد کا دن ہے کہ جس آزاد فضا میں ہم سانس لے رہے ہیں اس کا قرض اتارنا ہے، اس ملک کی ترقی کےلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی ہے، ہم جدید علوم حاصل کرکے اس ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں۔
بعدازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے جشن آزادی کا کیک کاٹا ، اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔