سابق حکمرانوں نے قرض لیکر ہمیں غلام بنادیا: وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں بتایا کہ سابق حکمرانوں نے عالمی اداروں سے قرض لے کرہمیں غلام قوم بنادیا۔
ماضی میں اربوں کے قرض نہ لیے ہوتےتو ملک معاشی دلدل میں نہ پھنستا، سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں کو قوم کو آج بھگتنا پڑرہا ہے، یہی وجہ ہے کہ عالمی اداروں کےقرض ، سود واپس کرنے کے لیے انہی سے قرض لینے پڑتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کا خمیازہ بھگت رہی ہے، عوام کی ٹیکس کی کثیر رقم عالمی اداروں کو سود کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے، وزیر اعظم کل وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں منی بجٹ پر پھر بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں مشیر خزانہ نے وضاحت دی کہ منی بجٹ کے لیے آئی ایم ایف سے اپنی شرائط بھی منوائی ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں منی بجٹ پر لاعلم ہونے پر اتحادی جماعتوں کے وزرا نے اعتراض اٹھایا تھا، اتحادی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے ہمیں بتائیں تو سہی کہ بل میں ہے کیا پھر دیکھیں گے۔
جس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ بالکل ہم آپ کو بریفنگ دینے کے لیے علیحدہ سیشن رکھتے ہیں۔