میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کے لئے بڑی تقریب کا اعلان
پنجاب حکومت میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب منعقد کرے گی، جس کےلئے مشاورتی اجلاس طلب کرلیے گئے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں ہونے والی تقریب کی مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ مریم نواز ہونگی، تقریب کے احسن انعقاد کےلئے مختلف بورڈز کے سیکرٹریز پر مشتمل کوارڈینیشن کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
ٹاپرز کے اعزاز میں تقریب 7 اگست کو منعقد کی جائیگی، تمام بورڈز کے ٹاپر طلباء کو خصوصی ایوارڈز اور کیش پرائز دئیے جائیں گے، لاہور آمد پر طلبہ کو سرکاری پروٹوکول اور گارڈ آف آنر پیش کیا جائیگا، طلباء کو مکمل پروٹوکول کیساتھ تقریب کے مقام پر لایا جائے گا، سات سال قبل آخری مرتبہ شہباز شریف نے طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب منعقد کی تھی۔
تقریب میں ٹاپر طلباء کے نامزد پسندیدہ استاد کو بھی خصوصی ایوارڈ دیا جائیگا۔ پنجاب بھر سے آنیوالے ٹاپر طلباء، اساتذہ اور والدین 2 روز لاہور میں قیام کریں گے۔طلباء کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں عشائیہ بھی دیا جائیگا۔