تعلیمی بورڈ ملتان میں سیرت النبیﷺ سیمینار کا انعقاد
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان میں حکومتِ پنجاب، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور کےاحکامات کی روشنی میں سیرت النبی سیمینار بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا،جس میں بورڈ آفیسران اور ایمپلائز ویلفیئر ایسویسی ایشن کے نمائندگان نے کثیر تعداد شرکت کی۔
سیرت النبی سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلام اور نعتِ رسول مقبول سے ہوا، اس موقع پر معروف مذہبی سکالراور عالم دین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت ہم سب کے لیے روشنی کا مینار ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی حیاتِ طیبہ میں عدل، مساوات اور بھائی چارے کی عملی مثالیں قائم کیں۔
خرم شہزاد قریشی سیکرٹری تعلیمی بورڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اُمت مسلمہ کی کامیابی اسی میں ہے کہ ہم اپنے نبی ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنائیں۔ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کا مطالعہ محض علمی مشق نہیں بلکہ عملی زندگی کا رہنما ہے۔آپ ﷺ نے سب سے پہلے انسانیت کی خدمت کو دین کا بنیادی ستون قرار دیا۔
حامد سعید بھٹی کنٹرولر امتحانات نے خطاب کرتے ہوئے کہا رسول اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں صبر، برداشت اور عفو و درگزر کا درس دیتی ہے۔آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ امن و سلامتی کا عالمی پیغام ہے۔
ڈاکٹر حافظ فدا حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ نے خواتین، یتیموں اور غریبوں کے حقوق کے تحفظ کو اپنی سیرت کا نمایاں حصہ بنایا۔سیرتِ طیبہ کا مطالعہ ہماری اخلاقی اور روحانی اصلاح کا بہترین ذریعہ ہے۔
ملک نثار احمد صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسویسی ایشن تعلیمی بورڈ ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں معاشرتی مسائل کا حل صرف سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔سیرتِ رسول ﷺ پر عمل ہمیں دین و دنیا دونوں میں کامیابی عطا کرتا ہے۔رسول اللہ ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی حسنِ سلوک اور انصاف سے پیش آ کر عملی مثال قائم کی۔نبی ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کے لیے ہیں، صرف مسلمانوں کے لیے محدود نہیں۔
اس موقع پر ملک عبد روف کھوکھر، محمد الیاس صدیقی، شیخ عمران، حسین مہر، محمد اکبر، رانا تحسین ،عباس قریشی، محمد الیاس نوناری، ملک محمد رمضان، محمد تیمور اور دیگر بھی موجود تھے۔




















