ویمن یونیورسٹی ملتان میں سانحۂ 16 دسمبر کے شہدا کی یاد میں ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد

لترجمان کے مطابق یہ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام، شعبہ پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز اور کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اوراس کا مقصد سانحۂ 16 دسمبر کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرنا اور امن، برداشت اور اتحاد کے پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن قوم کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جس نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا انہوں نے کہا کہ شہید بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہمیں ان کی یاد کو زندہ رکھتے ہوئے شدت پسندی اور نفرت کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنی ہوگی، طالبات تعلیم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر اسماء اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحۂ 16 دسمبر نے پوری قوم کو یکجا کر دیا اور ہمیں یہ سبق دیا کہ علم، شعور اور امن ہی دہشت گردی کے خلاف سب سے مضبوط ہتھیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو برداشت، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا
تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہید بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔




















