ویمن یونیورسٹی کا بڑا اعزاز

ویمن یونیورسٹی ملتان نے برطانیہ اور پاکستان میں خواتین کے لیے روبوٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کاپراجیکٹ ایوارڈ جیت لیا۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی منصوبے کا حصہ بنتے ہوئے ایوارڈ حاصل کرلیا اس سلسلے میں برٹش کونسل کے Going Global Partnerships Awards 2025 کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بین الاقوامی منصوبے “پارٹنرشپ اِن ایکویلیٹی (PIE): برطانیہ اور پاکستان میں خواتین کے لیے روبوٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس” کو دنیا بھر کے پانچ بہترین منصوبوں میں شامل کرتے ہوئے اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ منصوبہ برٹش کونسل کے تعاون سے مکمل ہوا، جس میں برطانیہ کی کارڈف میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے یوریکا روبوٹکس سینٹر، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور پاکستان کے آٹھ اعلیٰ و فنی تعلیمی اداروں نے شراکت داری کی، جن میں ویمن یونیورسٹی ملتان بھی نمایاں شراکت دار کے طور پر شامل ہے۔
پائی منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کو روبوٹکس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اور دیگر سائنسی و تکنیکی شعبہ جات میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس منصوبے کے تحت خواتین کے لیے تربیتی پروگرامز، رہنمائی (مینٹورشپ)، تحقیقی تعاون اور بین الاقوامی اشتراک کو فروغ دیا گیا تاکہ خواتین کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق نکھارا جا سکے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کاکہناہےکہ "یہ ایوارڈ محض ایک اعزاز نہیں بلکہ پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے ویمن یونیورسٹی ملتان کے لیے اس تاریخی پراجیکٹ کا حصہ بننا انتہائی فخر کی بات ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم ملک بھر کی طالبات کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم و تحقیق کے یکساں مواقع فراہم کریں گے۔ یہ کامیاب بین الاقوامی شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم و تحقیق کے ذریعے خواتین بااختیار بنائی جاسکتی ہیں اور صنفی مساوات کے حصول میں تعلیمی ادارے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں
میں برطانوی کونسل، ہمارے برطانوی اور پاکستانی شراکت دار اداروں، خاص طور پر پراجیکٹ کی فکل پرسن ڈاکٹرظل شمس اور ہماری پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
فوکل پرسن، شعبہ ریاضی ڈاکٹر ظل شمس کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پاکستانی جامعات، بالخصوص خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ہے ویمن یونیورسٹی ملتان کا اس منصوبے کا حصہ بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ خواتین کو جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں بااختیار بنانے کے لیے سنجیدہ اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی وژنری قیادت نے ادارے کو عالمی سطح کے تحقیقی اور تعلیمی منصوبوں میں مؤثر شراکت دار بنایا، یہ اعزاز اس بات کی واضح مثال ہے کہ بین الاقوامی تعلیمی شراکت داریاں کس طرح تعلیم اور تحقیق میں برابری کو فروغ دے سکتی ہیں۔
برطانیہ اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کا یہ مشترکہ اقدام خواتین کو سائنسی اور تکنیکی میدانوں میں آگے لانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے مستقبل میں بھی ایسے عالمی منصوبے خواتین طالبات اور محققین کے لیے نئے مواقع پیدا کرتے رہیں گے اور پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگا۔




















