برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملتان میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سے ملاقات
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے گزشتہ روز ملتان کا دورہ کیا، دورے کے دوران میں برطانوی ہائی کمشنر نے جنوبی پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مہلک خطرات کے پیش نظر سرکاری سکولوں میں گرین بک کی تدریس، سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، صبح نو سکول اور ٹرانس جینڈر سکول پراجیکٹ کے ذریعے محنت کش بچوں اور خواجہ سراؤں کو معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا، اور سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے خطے کو امن، تعلیم، فلاح و بہبود اور ترقی سے آراستہ کرنا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا نصب العین ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب معیاری تعلیم تک آسان رسائی کے حق کو یقینی بنانے کے اقدامات کر رہا ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کا شمار معاشرے کے پسماندہ طبقات میں ہوتا ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نظر انداز کیے جانے والی اس کمیونٹی کی تعلیم کے لیے ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے، ایکسلریٹ لرننگ پروگرام کے تحت اس سکول کے طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے، اور لکھنے، پڑھنے اور بنیادی حساب کتاب کے ساتھ بہتر طرز حیات کی مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے طلباء و طالبات کو موسمی تبدیلی کے مضمرات اور عوامل سے آگاہ کرنے اور سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت و ضرورت کو واضح کرنے کے لیے سرکاری سکولوں میں موسمی تبدیلی کو بطور مضمون پڑھانے کا فیصلہ کیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ محنت کش بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے صبح نو سکولوں کا اجراء کیا گیا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے سکولوں میں موسمی تبدیلی کو بطور مضمون پڑھانا ایک خوش آئند اور ماحول دوست عمل ہے، انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا تدارک نسلوں کی بقا کا معاملہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ سکولوں کی سطح پر طلباء میں اس سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے، اور انہیں عملی اقدامات پر ابھارا جائے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کی تعریف کی۔
دریں اثنا ملتان آمد پر برطانوی ہائی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائیر سکینڈری اسکول میں جماعت ہفتم اور ہشتم کی طالبات سے تبادلہ خیال کیا اور ان سے موسمی تبدیلی کو بطور مضمون پڑھنے کے فوائد دریافت کیے۔
اس موقع پر بھی برطانوی ہائی کمشنر نے ٹرانس جینڈر اسکول کی جدید ووکیشنل لیب، میاواکی جنگل اور کچن گارڈننگ کے مقام کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر اور ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہرالحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔