زکریایونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس : ڈاکٹر اسحاق فانی کو نوکری سے برخاست کردیا گیا، ملک رفیق پر تلوار لٹک گئی
زکریا یونیورسٹی ملتان سینڈیکیٹ کا اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی منعقد ہوا۔
اجلاس میں مسٹر جسٹس سید شہباز رضوی ،مسٹر جسٹس(ر) الطاف ابراہیم ، ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای سی محمد کامران ، ڈائریکٹر فنانس شاہ سوار ، ڈاکٹر راؤ محمد آصف ، فرحت ظفر ، ڈاکٹر محمد امان اللہ ، ڈاکٹر آسیہ ذوالفقار ، ڈاکٹر ساجد طفیل ، ڈاکٹر عثمان سلیم ،رجسٹرار ؍سیکرٹری محمد زبیر احمد خان کے علاوہ ایڈیشنل رجسٹرار اعجاز احمد ، ڈپٹی رجسٹرار عبدالکریم بزدار ، غلام علی اعوان بھی موجود تھے۔
اجلاس میں سابق سینڈیکیٹ میٹنگ کے منٹس کی کنفرمیشن کی گئی۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد اسحاق فانی کا موقف سنا گیا اور ان کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے ملازمت سے برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ان کے معاملات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور تمام مالی معاملات کو دیکھ کر ہونے والے نقصان کو بھی پورا کرایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
ملک رفیق باز نہ آیا، وی سی کے پی ایس کو گولی مارنے کی دھمکی
انجینئر محمد رفیق ہمبڑ نے پیش ہوکر موقف بیان کیا اور انکوائر آفیسر پراعتراضات اٹھائے، تاہم ہاؤس نے فیصلہ کیا کہ ان کی انکوائری اگلی سینڈیکیٹ میٹنگ میں دوبارہ سنی جائے گی۔
اجلاس میں لاء کالج کمیٹی کے لیے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم بطور سینڈیکیٹ ممبر نامزد اور سابق چیف جسٹس قاسم خان بطور ماہر قانون نامزدگی کی گئی ، ڈاکٹر صادق شاہد کو ڈائریکٹرمیزان اسلامک سنٹر تعینات کردیاگیا، ڈاکٹر محمد عامر چیئرمین ٹیلی کام شعبہ تعینات کی منظوری دی گئی۔
یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کے بارے میں خزانہ دار برانچ کے موقف کو مسترد کردیاگیا اور ملازمین یکم جولائی سے بڑھی ہوئی رقم کے ساتھ اجرت دینے کا فیصلہ کیاگیا۔
31 کالجز کا الحاق منظور کرلیا گیا ہے، خزانہ دار کے لیے کوئی بھی امیدوار اہل نہ ہونے پر پوسٹ دوبارہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
جامعہ زکریا : سلیکشن بورڈ اجلاس؛ زبیرخان مستقل رجسٹرار تعینات، خزانہ دار کی اسامی خالی رہ گئی
محمد زبیر احمد خان کو ترقی دے کرمستقل رجسٹرار تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، ایل ایل بی 5سالہ پروگرام کے طلباء جو کہ غیرالحاق شدہ کالجز کے طالب علم ہیں ان کے مزید تعلیم کے لیے دو سٹڈی سنٹر ملتان اور وہاڑی میں قائم کیے جائیں گے، جن کی منظوری پہلے ہوچکی ہے تاہم اجلاس نے فیصلہ کیا کہ طلباء کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے شام کی کلاسز کے لیے سپریم کورٹ رجوع کیا جائے گا۔
ٹیکسٹائل کالج کے لوگو، نئے پروگرام، ایوننگ پروگرام کے بارے میں کیس کو دوبارہ بورڈ آف سٹڈی میں بھیجنے کافیصلہ کیا گیا اور بورڈ کی تجاویز کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔