سی ای اوز کانفرنس، محکمہ تعلیم کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کے زیر صدارت سی ای اوز کانفرنس، محکمہ تعلیم کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ، شہریوں کی سہولت کے لیے ایجوکیشن ہیلپ لائن 1234 کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ، داخلہ مہم کے حوالے سے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر لیہ، بہاول نگر اور خانیوال کے سی ای اوز ایجوکیشن کے لیے توصیفی سرٹیفیکٹس، رواں سال ہونے والی سکولمپکس گیمز میں کرکٹ شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سی ای اوز ایجوکیشن کی کانفرنس سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری سیف الرحمان خان، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال، سیکشن آفیسر حنا چوہدری سمیت مختلف اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن اور ڈی ای اوز نے شرکت کی۔
اس موقع پر کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ اس کے ضلع لیہ نے پنجاب بھر میں انرولمنٹ کے حوالے سے پہلی پوزیشن حاصل کی، داخلہ مہم میں ضلع لیہ میں 2 لاکھ 91 ہزار سے زائد طلبہ کو سکولوں میں داخل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جو 100 فی صد حاصل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر جنوبی پنجاب میں داخلہ مہم کے حوالے سے لیہ، بہاول نگر اور خانیوال نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے مذکورہ اضلاع کے سی ای اوز کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں توصیفی سرٹیفیکٹس سے نوازا، انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کی مجموعی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے انرولمنٹ کا ہدف پورا کیا جائے، اور تحصیل کی سطح پر ایک ایسی ماڈل یونین کونسل کی نشان دہی کی جائے جہاں کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو۔
کانفرنس کے موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال -23 2022ء کے تحت ترقیاتی اسکیموں کے منظور شدہ اور جاری ہونے والے فنڈز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ منظور شدہ فنڈز کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری دور کر کے شیلٹر لیس، خطرناک اور جزوی خطرناک بلڈنگز کے حامل سکولوں اور بنیادی سہولیات سے محروم سکولوں میں ترقیاتی اسکیمیں جلد از جلد مکمل کرائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اضافی کلاس رومز اور آئی ٹی لیبز کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرایا جائے، کانفرنس میں آفٹرنون سکولز، پرائمری سکولوں کی اپ گریڈیشن اور ملتان میں کیڈٹ کالج کے لیے اراضی کی خریداری کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بہتر حکمت عملی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بچانے اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قبل از وقت اقدامات یقینی بنائے جائیں اور اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے سی ای اوز 21 جولائی تک تصدیقی سرٹیفیکیٹس سیکرٹریٹ میں جمع کرائیں۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطے پر اثرات اور ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے اضلاع میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے باعث سکولوں کے انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی رابطے کو نقصانات سے بچنے کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ سازی نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے حالیہ دنوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے تناظر میں قبل از وقت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کم سے کم نقصان کا سامنا کرنا پڑے۔
کانفرنس میں مون سون شجر کاری مہم اور میاواکی جنگل اگانے کے لیے فیز ٹو منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ طلباء و طالبات کو انگریزی، اردو اور ریاضی کے بنیادی تصورات سے روشناس کرانے کے لیے ضلع بہاول پور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان کے منتخب سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران تدریسی کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا گیا، متعلقہ افسران سمر لرننگ کیمپس کے دوران تدریسی امور کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ہیلپ لائن 1234 کا دائرہ کار وسیع کر کے اسے عام شہریوں کے لیے کارآمد بنایا جائے تاکہ وہ اس ہیلپ لائن کے ذریعے سہولیات سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ شکایات وغیرہ بھی درج کرا سکیں، سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے سی ای اوز ایجوکیشن کو اپنے اپنے اضلاع میں ایجوکیشن ہیلپ لائن کو مکمل فعال کرنے اور اس کے لیے فوکل پرسن تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں کے بچوں میں لکھنے پڑھنے کی مہارت پیدا کرنے کے لیے آن لائن بنیادوں پر روشنی میگزین کا اجراء جاری رکھا جائے گا۔
سکولمپکس سیزن تھری کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ رواں سال نومبر میں سکولمپکس گیمز منعقد ہوں گی، سیزن تھری کی میزبانی بہاول پور کرے گا۔
انہوں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ کھیل کے میدانوں کی دیکھ بھال اور لیولنگ وغیرہ کا عمل بروقت مکمل کرایا جائے، سکولمپکس سیزن تھری میں کرکٹ کو بھی شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ یونی سیف نے مزدور بچوں کے لیے قائم صبح نو سکولوں کی مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ہے، صبح نو اور ٹرانس جینڈر سکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے پر توجہ دی جائے۔
سی ای اوز کانفرنس میں ایس آئی ایس انرولمنٹ سٹیٹس، انرولمنٹ کمپئین ٹارگٹ، کوالٹی آف ایجوکیشن ٹرانس جینڈر سکولوں میں لیبز کی تعمیر، ور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔