انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات 2023 کے نتائج کا اعلان
تعلیمی بورڈ ملتان نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات 2023 کے نتائج کا اعلان کردیا ، 8 ہزار 954 طلباء فیل ہوگئے، کامیابی کا تناسب 46.21 فیصد رہا ۔
جاری اعلامیہ کے مطابق امتحان میں 16ہزار 646 امیدوار شریک ہوئے، جس میں سے 7ہزار 692 امیدوار پاس ہوسکے، فیل ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 954 رہی، اس طرح کامیابی کا تناسب 46.21 رہا۔
پری میڈیکل میں چار ہزار 355 امیدوار شریک ہوئے، جس میں سے دوہزار377کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 54.58 فیصد رہا، پری انجینئرنگ میں 1220 امیدوار شریک ہوئے جس میں 531 پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 43.52 فیصد رہا۔
جنرل سائنس میں چار ہزار 278 امیدوار شریک ہوئے جس میں ایک ہزار751 پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 40.93 فیصد رہا ، کامرس گروپ میں 662 امیدوار شریک ہوئے، جس میں سے 318پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 48.04 فیصد رہا۔
ہوم اکنامکس گروپ میں چھ امیدوار شریک ہوئیں، جس میں سے چار پاس ہوئیں ، اخلاقیات گروپ میں چھ ہزار 125 امیدوار شریک ہوئے، جس میں دو ہزار 711 پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 44.26 فیصد رہا۔
انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان میں نقل لگانے کی چار کیسز پکڑے گئے، جس میں سے کسی کا بھی فیصلہ نہ ہوسکا، ذرائع کے مطابق دو کیسز کا عمل مکمل ہوگیا مگر فیصلہ نہ سنایا جاسکا جبکہ دو پر کارروائی شروع ہی نہ کی جاسکی، جس کی وجہ سے چاروں کیسز ایسے ہی رہ گئے ۔
انٹر کے امتحانات میں ضلع ملتان نتائج میں پہلے نمبر رہا ، اعداد وشمار کے مطابق لودھراں کے دو ہزار 134 امیدوار شریک ہوئے، جس میں سے صرف 983 پاس ہوسکے، کامیابی کا تناسب 46.06 رہی، خانیوال کے تین ہزار 985 امیدوار شریک ہوئے، جس میں سے ایک ہزار 783 پاس ہوئے، کامیابی کی شرح44.74 فیصد رہی۔
وہاڑی کے تین ہزار 123 امیدوار شریک ہوئے، جس میں سے ایک ہزار 361 پاس ہوئے کامیابی کا تناسب 43.58 فیصد رہا، جبکہ ملتان کے سات ہزار 404 امیدوار شریک ہوئے، جس میں تین ہزار 565 پاس ہوئے، کامیابی کا تناسب 48.15 فیصدرہا۔
انٹرمیڈیٹ سیکنڈ سالانہ امتحان 2023 ء کے نتائج سے مطمئن نہ ہونے والے اُمیدواران 05 جنوری 2024 ء تک ری چیکنگ کی درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔
تعلیمی بورڈ حکام نے کہا ہے کہ نتائج کو احتیاط سے تیار کیا گیا ہے تاہم جو امیدوار مطمیئن نہیں ہیں وہ مقررہ فیس درخواست کے ساتھ 5 جنوری تک جمع کرواسکتے ہیں ۔
تعلیمی بورڈ ملتان کے چیئرمین حافظ قاسم نے کہا ہے کہ ہم نے رواں سیزن کا آخری امتحان بھی احسن طریقے سے مکمل کرلیا، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔
وہ انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان کے اعلان کے موقع پر شرکاء سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کےلئے فارم کی وصولی کا عمل جاری ہے، ہمیں سارا سال مسلسل کام کرنا ہوتا ہےش جو کوتاہی ہوئیں ان کا جائزہ لینا ہوگا۔
سیکرٹری خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے کہ ہم سیزن 2023 کا کامیابی سے اختتام کررہے ہیں غلطیاں کوتاہیاں وہیں ہوتی ہیں، یہاں کام ہوتا ہے عقلمند ان سے سیکھتا ہے ہم نے آگے بڑھنا ہے اپنے نظام میں مزید شفافیت لاتے ہوئے امتحانات کا انعقاد کرانا ہے۔
اس موقع پر محمد حامد سعید بھٹی، کنٹرولر امتحانات، قاضی مُجیب الرحمٰن،سسٹم اینالسٹ (کمپیوٹر)، ڈاکٹر حافظ فدا حسین،ڈپٹی کنٹرولر امتحانات (میٹرک)، عبدالرئوف کھوکھر، ڈپٹی کنٹرولر امتحانات(انٹر) دلنواز (آڈٹ آفیسر) محمد الیاس صدیقی، ڈپٹی کنٹرولر (سیکریسی)،، محمد منور پاشا بھی موجود تھے۔