سلو لرنرز نارمل طلباء کو سکولوں میں ہی رکھا جائے: سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن
سپیشل سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں جدید نصاب، طریقہ تدریس اور معاونات کا بھرپور استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، سلو لرنرز کو مثبت انداز فکر اور احساس کے ساتھ مقررہ طریقہ تدریس سے پڑھایا جائے اور انہیں نارمل سکولوں میں ہی رکھا جائے۔
وہ محکمہ اسکول ایجوکیشن اور پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے اشتراک سے ملتان میں جماعت دوئم، سوئم اور پنجم کی اردو، انگریزی، سائنس اور ریاضی کے مضامین میں لارج اسکیل اسسمنٹ کے لیے سفارشات مرتب کرنے کے حوالے سے صوبائی اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز ضیغم نواز، خواجہ مظہر الحق، سیکشن آفیسر حنا چوہدری اور ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول سمیت تعلیمی افسران اور اساتذہ کرام کی کثیر تعداد کانفرنس میں موجود تھی۔
سپیشل سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ اساتذہ سکولوں میں تدریسی معاونات کا بھرپور استعمال یقینی بنائیں، طلبہ کو ہوم ورک دینا ان کی تعلیمی کارکردگی کو بڑھاتا ہے، اساتذہ والدین کو بچوں کی تعلیمی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے رہیں جب کہ والدین بھی بچے کی تعلیمی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ طلباء کے لیے سکولوں کا ماحول محفوظ ترین بنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔