محکمہ سوئی گیس بھی چوروں کے خلاف ایکشن شروع کردیا
سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) ملتان نے صنعتی ،کمرشل اور گھریلو سطح پر گیس چوری کی روک تھام کے لیے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، ضلعی پولیس کی مدد سے گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کر کے مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔
اس حوالے سے ڈسٹریبیوشن ملتان افس میں ایک اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس ہوا، جس کی صدارت جنرل منیجر راشد اسحاق نے کی۔
اس اجلاس میں ڈپٹی چیف انجینیئر حسین ظفر، سینیئر انجینیئر زبیر احمد خان انچارج ٹاسک فورس غلام عباس، ڈپٹی چیف ایڈمن آفیسر عثمان کریم بیگ، سید احمد کاشف شاہ، سیف الرحمن موجود تھے۔جی ایم راشد اسحاق نے بتایا کہ ملک گیر سطح پر گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے کی کڑی میں ڈسٹریبیوشن ملتان آفس کے ماتحت علاقہ جات میں بھی بھرپور کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ صنعتی ،کمرشل اور گھریلو سطح پر گیس چوری کر کے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اب پولیس کے ساتھ مل کر مشترکہ کاروائیاں کی جائیں گی، گیس چوروں کے نہ صرف کنکشن منقطع کیے جائیں گے بلکہ اب ان کو مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
راشد اسحاق نے کہا کہ کمپریسر لگا کر گیس استعمال کرنا بھی غیر قانونی اقدام ہے، جس سے ایک جانب تو گیس نیٹ ورک تباہ ہوتا ہے تو دوسری جانب صارف کی اپنی زندگی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کمپریسر فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا تاکہ کمپریسر کی فروخت کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گیس چوروں کے خلاف اس کریک ڈاؤن میں شہری بھی اپنا کردار ادا کریں اور گیس چوروں کی نشاندہی کریں۔