جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 صبحِ نَو سکولوں کا قیام
محنت کش بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 صبحِ نَو سکولوں کا قیام، منصوبے کو وسعت دینے اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے یونی سیف کی معاونت سے صبح نو سکولوں کے اساتذہ کی ٹریننگ جاری۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کی ہدایات پر ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں محنت مزدوری کرنے والے بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے صبح نو سکول پراجیکٹ کو جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع تک وسعت دینے اور ان سکولوں میں رضاکارانہ طور پر تدریسی خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ کو ٹریننگ دینے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یونی سیف کی معاونت سے جنوبی پنجاب کے 12 صبح نو سکولوں کے تقریبا تین درجن اساتذہ اور جزوقتی کوچز کو ایکسیلیریٹڈ لرننگ پروگرام کے تحت قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ نواں شہر میں ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
25 جون تک جاری رہنے والی اس پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ میں صبح نو سکولوں کے اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ نواں شہر کا دورہ کر کے اساتذہ کی ٹریننگ کا عمل کا جائزہ لیا، اور اساتذہ سے تعلیمی امور اور صبح نو سکول پراجیکٹ بارے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے، دورے کے دوران سیکشن آفیسر حنا چوہدری اور صبح نو سکول پراجیکٹ کی فوکل پرسن ثمرین ندیم نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو ایکسیلیریٹڈ لرننگ پروگرام اور اساتذہ کی ٹریننگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
دریں اثناء تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ مزدور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں صبح نو سکول انقلابی کردار ادا کر رہے ہیں، صبح نو سکول پراجیکٹ کی جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع تک رسائی سے اس خطے میں تعلیمی پسماندگی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صبح نو سکولوں کے نئے اساتذہ کو ایکسیلیریٹڈ لرننگ پروگرام کے تحت تربیت دینے سے تدریسی معیار بہتر ہو گا۔