جنوبی پنجاب کے کالجوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے عارضی ریشنلائزیشن کا فیصلہ

جنوبی پنجاب کے سرکاری کالجوں میں تدریسی عمل کے بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اہم اقدام اٹھا لیا ہے۔
تدریسی عملے کی کمی کا سامنا کرنے والے کالجوں میں قریبی کالجوں سے اساتذہ کی عارضی ریشنلائزیشن کے ذریعے تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے سرکاری مراسلے کے مطابق اساتذہ کی عارضی تعیناتی زیادہ سے زیادہ 90 دن کے لیے ہوگی، تاکہ تعلیمی کورسز مقررہ مدت میں مکمل کیے جا سکیں۔
متعلقہ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) اپنے دائرہ اختیار میں کالجوں میں تدریسی عملے کی کمی کا جائزہ لیں گے اور اساتذہ کی عارضی ریشنلائزیشن کی تجاویز مرتب کریں گے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو جنوبی پنجاب کے تمام کالجوں میں کورسز کی تکمیل کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی میں ڈاکٹر محمد عظیم (کنوینر)، محمد اسلم، ڈاکٹر فرید شریف، متعلقہ ڈائریکٹر اور دیگر نامزد اراکین شامل ہوں گے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈویژنز سے اساتذہ کی کمی، زائد عملے اور کورسز کی تکمیل سے متعلق تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کیا جائے۔
عارضی ریشنلائزیشن کے لیے صرف قریبی کالجوں سے زائد اساتذہ کو تعینات کیا جائے گا، تاکہ تعلیمی نظام متاثر نہ ہو۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس 29 جنوری 2026 کو اسپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی صدارت میں منعقد ہوگا، جس میں عارضی ریشنلائزیشن کی تجاویز کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔




















